کتاب 37: بَابُ مَنْ قَالَ لاَ نِكَاحَ إِلاَّ بِوَلِيٍّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5127
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے روایت کی۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) احمد بن صالح نے بھی ہم سے بیان کیا کہ عنبسہ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ نے ان سے بیان کیا کہ زمانہ جاہلیت میں نکاح چار طرح سے ہوا کرتا تھا۔ ان میں سے ایک نکاح وہی ہے جو آج کل لوگ کرتے ہیں۔ ایک مرد دوسرے مرد سے اس عورت کے متعلق جو اس کی سرپرستی میں ہو یا اس کی بیٹی کے متعلق پیغام نکاح بھیجتا ہے اور پھر وہ اس کا مہر ٹھہرا کر اس کا نکاح کر دیتا ہے۔ اور ایک اور نکاح تھا۔ آدمی اپنی بیوی سے جب وہ حیض سے پاک ہوتی یوں کہتا کہ فلاں کو بلا بھیجو اور اس سے فائدہ اُٹھاؤ اور اس کا خاوند اس سے الگ رہتا اور اس کو قطعاً نہ چھوتا جب تک کہ اس شخص سے اس کا حمل ظاہر نہ ہو جاتا جس سے اس نے فائدہ اٹھایا تھا۔ جب اس کا حمل نمایاں ہو جاتا تو اس کا خاوند بھی اگر وہ چاہتا تو اس سے مباشرت کرتا اور وہ اپنی عورت سے محض اس خواہش کی وجہ سے الگ رہتا کہ تا بچہ شریف عمدہ پیدا ہو۔ تو یہ نکاح نکاح استبضاع تھا۔ اور ایک اور نکاح تھا کہ کچھ آدمی جو دس سے کم ہوتے، اکٹھے ہوتے، وہ عورت کے پاس آتے اور ان میں سے ہر ایک اس سے مباشرت کرتا۔ جب وہ حاملہ ہو جاتی اور بچہ جنتی اور بچہ جننے کے بعد اس پر کئی راتیں گزر جاتیں تو ان کو بلا بھیجتی اور ان میں سے کوئی شخص بھی آنے سے انکار نہ کر سکتا تھا۔ جب اس کے پاس اکٹھے ہوتے تو وہ ان سے کہتی: تم اچھی طرح جانتے ہو اس فعل کو جو تم سے ہوا اور اب میں نے بچہ جنا ہے۔ اے فلاں! یہ تمہارا بیٹا ہے۔ جس شخص کا نام لینا چاہتی اس کا نام لے لیتی تو پھر اس کا لڑکا اسی مرد کی طرف منسوب ہوتا اور وہ مرد اس سے انکار نہ کر سکتا۔ ایک چوتھا نکاح یہ تھا کہ بہت سے لوگ اکٹھے ہوتے اور وہ ایک عورت کے پاس آتے اور وہ جو بھی اس کے پاس آتے ان سے انکار نہ کرتی۔ اور یہی وہ کنچنیاں ہیں جو اپنے دروازوں پر جھنڈے گاڑ دیا کرتی تھیں جو پہنچاننے کا نشان ہوتے۔ جو مرد بھی ان کے پاس جانا چاہتا ان کے پاس جاتا اور جب ان میں سے کوئی عورت حاملہ ہوتی اور وہ بچہ جنتی۔ وہ سب اس کے لئے اکٹھے کئے جاتے اور ان کے لئے قیافہ شناس بلاتے پھر وہ اس کا بچہ اسی کے حوالے کرتے جس کے مشابہ دیکھتے۔ وہ اسی سے مل جاتا اور اسی کا بیٹا کہلاتا، وہ اس سے انکار نہ کر سکتا۔ جب محمد ﷺ حق کے ساتھ مبعوث ہوئے تو انہوں نے جاہلیت کے سب نکاح ملیا میٹ کر دئیے سوائے اس نکاح کے جو آج کل لوگ کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 5128
یحيٰ (بن موسیٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ (یہ جو آیت ہے:) وَ مَا يُتْلٰى عَلَيْكُمْ فِي الْكِتٰبِ کہتی تھیں: یہ اس یتیم لڑکی کے متعلق ہے جو کسی شخص کے پاس ہو تو اس خیال سے کہ شاید وہ اس کی جائیداد میں اس کی شریک ہو اور وہ اس کا قریبی رشتہ دار بھی ہے وہ اس سے نکاح کرنے کا خواہش مند ہوتا اور اس کی جائیداد کی وجہ سے اسے روکے رکھتا اور اپنے سوا کسی سے اس کا نکاح نہ کرتا کیونکہ وہ ناپسند کرتا کہ کوئی اس عورت کی جائیداد میں اس کا شریک ہو۔
صحیح بخاری 5129
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی کہ زُہری نے ہمیں بتایا۔ کہا: سالم نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عمرؓ نے انہیں بتایا۔ جب حضرت حفصہ بنت عمر (خنیسؓ) بن حذافہ سہمی کے فوت ہونے پر بیوہ ہوگئی۔ اور وہ نبی ﷺ کے اُن صحابہ میں سے تھے جو بدر میں شامل ہوئے، وہ مدینہ میں فوت ہوگئے تھے۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: میں عثمان بن عفانؓ سے ملا اور میں نے ان کے سامنے (حفصہؓ کے ساتھ نکاح کرنے کی) تجویز پیش کی۔ میں نے کہا: اگر تم چاہو تو میں تم سے حفصہؓ کا نکاح کئے دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا: میں اپنے متعلق غور کروں گا۔ کچھ رات میں ٹھہرا رہا۔ پھر وہ مجھے ملے اور کہنے لگے: مجھے یہ مناسب معلوم ہوا ہے کہ میں ان دنوں شادی نہ کروں۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: پھر میں ابوبکرؓ سے ملا۔ میں نے کہا: اگر تم چاہو تو میں حفصہؓ کا نکاح تم سے کئے دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 5130
احمد بن ابی عمرو نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (حفص بن عبداللہ) نے مجھے بتایا، کہا: ابراہیم (بن طہمان) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے حسن (بصری) سے روایت کی۔ کہا: فَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ (جو آیت ہے۔) کہتے تھے: مجھ سے حضرت معقل بن یسارؓ نے بیان کیا کہ یہ ان کے متعلق نازل ہوئی۔ کہتے تھے: میں نے اپنی بہن کی شادی ایک شخص سے کر دی تو اُس نے اس کو طلاق دے دی۔ جب اس کی عدت ختم ہوئی، وہ آیا اور اس کے نکاح کے پیغام دینے لگا۔ میں نے اس سے کہا: میں نے تمہاری شادی کی اور تمہیں آرام کا سامان دیا اور تمہاری خاطر تواضع کی مگر تم نے اس کو طلاق دے دی۔ پھر اب آئے ہو اس کے نکاح کا پیغام دینے۔ ہرگز نہیں! اللہ کی قسم اب وہ تمہارے پاس کبھی نہیں لوٹے گی۔ اور وہ کچھ بُرا آدمی نہ تھا اور وہ عورت اس کے پاس لوٹنا چاہتی تھی۔ اللہ نے یہ آیت نازل کی: فَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ یعنی تم انہیں مت روکو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ابھی کئے دیتا ہوں۔ (حسن) کہتے تھے: پھر اس نے اپنی بہن کا نکاح اس شخص سے کر دیا۔