کتاب 38: باب إِذَا كَانَ الْوَلِيُّ هُوَ الْخَاطِبَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5131
(محمد) بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں خبر دی۔ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اللہ تعالیٰ کے اس قول وَيَسْتَفْتُوْنَكَ۠ … کے متعلق روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو کسی کی پرورش میں ہو، اس کی جائیداد میں اس کی شریک بھی ہو، وہ اس سے شادی کرنے کی بھی خواہش رکھتا ہو اور یہ بھی ناپسند کرتا ہو کہ اس کی شادی کسی اور سے کر دے تاکہ وہ اس کی جائیداد میں اس کا شریک نہ ہو جائے اور وہ اس کو روک رکھتا ہے۔ اس لئے اللہ نے ان کو اس سے روک دیا۔
صحیح بخاری 5132
احمد بن مقدام نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت سہل بن سعدؓ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے کہ اتنے میں ایک عورت آئی اور اس نے اپنے تئیں آپؐ کے سامنے پیش کیا۔ آپؐ نے نگاہ نیچی کرکے اس کو دیکھا اور نظر اٹھا کر دیکھا اور آپؐ نے اس کو نہ چاہا۔ آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! مجھ سے اس کا نکاح کردیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ وہ بولا: میرے پاس تو کچھ بھی نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں؟ اس نے کہا: (لوہے کی) انگوٹھی بھی نہیں۔ البتہ میں اپنی چادر پھاڑ دیتا ہوں اور آدھی اس کو دے دیتا ہوں اور آدھی میں لے لیتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ کیا تمہیں قرآن سے کچھ یاد ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ جو تمہیں قرآن یاد ہے اس کے عوض میں مَیں نے تم سے اس کا نکاح کردیا۔