کتاب 46: باب لاَ يَخْطُبُ عَلَى خِطْبَةِ أَخِيهِ، حَتَّى يَنْكِحَ أَوْ يَدَعَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5142
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے نافع سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہا کرتے تھے کہ نبی ﷺ نے روکا ہے کہ تم میں سے کوئی کسی کی بیع پر بیع کرے اور نہ ہی کوئی شخص اپنے بھائی کے پیغام نکاح پر پیغام بھیجے جب تک کہ وہ جو اُس سے پہلے پیام نکاح بھیجنے والا ہے چھوڑ نہ دے یا وہ اُس کو اجازت نہ دے دے۔
صحیح بخاری 5143
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے اعرج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے حدیث بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپؐ نے فرمایا: بدگمانی سے اپنے آپ کو بچاتے رہنا کیونکہ بدگمانی بہت ہی بڑا جھوٹا خیال ہے۔ اور تجسس نہ کیا کرو اور نہ کان نکال کر باتیں سنا کرو اور آپس میں بغض نہ رکھو اور بھائی بھائی ہو کر رہو۔
صحیح بخاری 5144
اور کوئی شخص اپنے بھائی کے پیغام نکاح پر اس وقت تک پیام نکاح نہ بھیجے جب تک کہ وہ نکاح کرے یا چھوڑ دے۔