کتاب 47: باب تَفْسِيرِ تَرْكِ الْخِطْبَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5145
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ (زُہری نے) کہا: سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت حفصہؓ بیوہ ہوگئیں تو حضرت عمر بن خطابؓ کہتے تھے: میں ابوبکرؓ سے ملا اور میں نے کہا: اگر آپؓ چاہیں تو میں حفصہ بنت عمرؓ کا نکاح آپؓ سے کئے دیتا ہوں۔ میں کئی راتیں انتظار کرتا رہا۔ آخر رسول اللہ ﷺ نے حفصہؓ کے نکاح کا پیغام بھیجا۔ پھر ابوبکرؓ مجھ سے ملے اور کہنے لگے: جو بات تم نے پیش کی تھی اس کے متعلق تمہیں جواب دینے سے مجھے صرف اس بات نے روکا تھا کہ مجھے علم ہوچکا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے حفصہؓ کا ذکر کیا ہے اور میں ایسا نہیں تھا کہ رسول اللہ ﷺ کا راز افشا کردیتا۔ اگر آپؐ اسے چھوڑ دیتے تو میں اسے ضرور قبول کرتا۔ (شعیب کی طرح) اس حدیث کو یونس (بن یزید) اور موسیٰ بن عقبہ اور (محمد بن عبداللہ) ابن ابی عتیق نے زُہری سے روایت کیا۔