کتاب 65: باب الْهَدِيَّةِ لِلْعَرُوسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5163
اور ابراہیم (بن طہمان) نے ابوعثمان سے کہا۔ اور ان کا نام جعد (بن دینار) تھا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انسؓ بنی رفاعہ کی مسجد میں ہمارے سامنے سے گزرے۔ میں نے ان کو یہ کہتے سنا کہ نبی ﷺ کا یہ قاعدہ تھا کہ جب وہ حضرت اُم سلیمؓ کے پڑوس سے گزرتے تو ان کے پاس آتے اور ان کو سلام کہتے۔ پھر حضرت انسؓ نے کہا: نبی ﷺ کی حضرت زینبؓ سے شادی ہوئی تو مجھ سے حضرت ام سلیمؓ نے کہا: اگر ہم رسول اللہ ﷺ کو کوئی ہدیہ بھیجیں (تو اچھا ہے) میں نے ان سے کہا: بھیجیں۔ انہوں نے کچھ کھجوریں اور گھی اور پنیر لیا اور ان سے ہانڈی میں حلوہ بنایا اور میرے ذریعہ وہ حلوہ آپؐ کو بھیجا۔ میں وہ لے کر آپؐ کے پاس گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو رکھ دو۔ پھر آپؐ نے مجھے حکم دیا اور فرمایا: میرے پاس کچھ آدمی بلاؤ۔ آپؐ نے ان کا نام لیا اور (فرمایا کہ) جس کو بھی تم ملو اُس کو میرے پاس بلا لاؤ۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: جو آپؐ نے مجھے حکم دیا تھا میں نے وہ کیا۔ میں جو لوٹ کر آیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ گھر لوگوں سے بھرا ہے اور میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے دونوں ہاتھ اس حلوہ پر رکھے اور جو اللہ نے چاہا اس حلوہ پر پڑھا۔ پھر دس دس کو اس میں سے کھانے کے لئے بلانے لگے اور ان سے فرماتے جاتے: اللہ کا نام لو اور ہر ایک شخص اپنے سامنے سے کھائے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: یہاں تک کھاتے رہے کہ سب خوب سیر ہو کر اس سے ہٹتے۔ اور اُن میں سے جنہوں نے جانا تھا چلے گئے اور کچھ تھوڑے سے رہ گئے جو باتیں کرتے تھے۔ کہتے تھے اور میں رنج محسوس کرنے لگا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ دوسرے حجروں کی طرف چلے گئے اور میں بھی آپؐ کے پیچھے پیچھے گیا۔ میں نے کہا کہ وہ اب چلے گئے ہیں تو آپؐ لوٹ آئے، آپؐ گھر میں داخل ہوئے اور پردہ ڈال دیا اور ابھی میں حجرے میں ہی تھا اور آپؐ یہ آیت پڑھ رہے تھے: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا … یعنی اے وہ جو مومن ہو نبی کے گھروں میں نہ جایا کرو سوائے اس کے کہ تم کو کھانے کے لئے اندر آنے کی اجازت دے مگر اس کے پکنے کا انتظار نہ کرتے رہا کرو۔ لیکن اگر تمہیں بلایا جائے تم اندر جاؤ اور جب تم کھا چکو تو منتشر ہو جایا کرو اور باتوں میں مزے لینے نہ لگ جایا کرو۔ یہ بات نبی کو تکلیف دیتی تھی اور وہ تم سے شرماتا تھا۔ اور اللہ حق بات کہنے سے نہیں جھینپتا۔ ابوعثمان (جعد بن دینار) نے کہا کہ حضرت انسؓ کہتے تھے: انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی دس سال خدمت کی۔