کتاب 84: باب مَوْعِظَةِ الرَّجُلِ ابْنَتَهُ لِحَالِ زَوْجِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5191
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب (بن ابی حمزہ) نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن ابی ثور نے خبر دی۔ انہوں نے (حضرت عبداللہ) بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: مجھے ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ میں حضرت عمر بن خطابؓ سے نبی ﷺ کی بیویوں میں سے اُن دو ازواج کے متعلق پوچھوں جن کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے۔ یعنی اگر تم دونوں اللہ کى طرف توبہ کرتے ہوئے جھکو تو (یہی زیبا ہے کیونکہ) تم دونوں کے دل مائل ہو چکے تھے۔ اُنہوں نے حج کیا اور میں بھی حج کو گیا۔ وہ راستہ سے ہٹ کر ایک طرف گئے، میں بھی چھاگل لے کر اس طرف گیا۔ وہ قضاء حاجت سے فارغ ہوکر آئے اور میں نے اس (چھاگل) سے اُن کے ہاتھوں پر پانی ڈالا اور وہ وضو کرنے لگے۔ میں نے کہا: امیرالمؤمنین! نبی ﷺ کی بیویوں میں سے وہ دو عورتیں کون ہیں جن کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ یعنی اگر تم دونوں اللہ کى طرف توبہ کرتے ہوئے جھکو تو (یہی زیبا ہے کیونکہ) تم دونوں کے دل مائل ہو چکے تھے۔ انہوں نے کہا: ابن عباسؓ تم پر تعجب ہے (یہ بھی معلوم نہیں۔) وہ عائشہؓ اور حفصہؓ ہیں۔ یہ کہہ کر حضرت عمرؓ وہ سارا واقعہ مسلسل بیان کرنے لگے۔ اُنہوں نے کہا: میں اور میرا ایک انصاری ہمسایہ بنی اُمیہ بن زید میں رہتے تھے اور یہ لوگ مدینہ کے آس پاس کے بالائی مقامات میں رہا کرتے تھے اور ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس باری باری سے جایا کرتے تھے۔ ایک دن وہ جاتا اور ایک دن میں جاتا۔ جب میں جاتا تو اس دن جو نئی بات وحی وغیرہ سے ہوتی اس کی خبر میں اس کے پاس لاتا اور جب وہ جاتا تو وہ بھی ایسا ہی کرتا اور ہم قریش کے لوگ عورتوں کو دبا کر رکھتے تھے اور جب ہم انصار کے پاس آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ اُن کی عورتیں اُن کو دبا کر رکھتی ہیں۔ اُن کے دیکھا دیکھی ہماری عورتیں بھی انصار کی عورتوں کا وتیرہ اختیار کرنے لگیں۔ میں نے اپنی بیوی کو ڈانٹا ڈپٹا اس نے مجھے جواب دیا میں نے اس کو بُرا منایا کہ وہ مجھے جواب دے۔ وہ بولی میں جو تمہیں جواب دوں تو بُرا کیوں مناتے ہو۔ اللہ کی قسم! نبی ﷺ کی ازواج تو اُن کو جواب دیتی ہیں اور اُن میں سے کوئی تو آپؐ سے سارا دن رات تک الگ رہتی ہے۔ اس بات نے مجھے گھبرا دیا اور میں نے اپنی بیوی سے کہا: اُن عورتوں میں سے جس نے ایسا کیا وہ تو گھاٹے میں رہی۔ میں نے (جلدی سے) اپنے پورے کپڑے پہنے اور میں مدینہ اُتر کر حفصہؓ کے پاس گیا۔ میں نے اس سے کہا: حفصہؓ! کیا تم میں سے کوئی نبی ﷺ کو سارا دن، رات تک ناراض رکھتی ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ میں نے کہا: تم تو تباہ ہوئی اور گھاٹے میں رہی۔ کیا تم اس سے مطمئن ہو کہ رسول اللہ ﷺ کی ناراضگی کی وجہ سے اللہ ناراض ہو گا اور تم ہلاک نہ ہوجاؤ گی؟ نبی ﷺ سے بہت مطالبے نہ کیا کرو اور نہ ہی کسی بات میں آپؐ کو جواب دیا کرو اور نہ آپؐ سے الگ رہو اور جو تمہیں ضرورت ہو مجھ سے مانگو اور یہ بات تمہیں دھوکے میں نہ ڈالے کہ تمہاری ہمسائی تم سے زیادہ خوبصورت ہے اور نبی ﷺ کو زیادہ پیاری۔ ان کی مراد حضرت عائشہؓ سے تھی۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے اور اُن دنوں ہمارے درمیان یہ باتیں ہورہی تھیں کہ غسان کا قبیلہ ہم پر حملہ کرنے کے لئے اپنے گھوڑوں کی نعل بندی کررہا ہے۔ میرا انصاری ساتھی اپنی باری کے دن مدینہ گیا اور کہیں عشاء کے وقت ہمارے پاس لوٹ کر آیا۔ اس نے میرے دروازے کو زور سے کھٹکھٹایا اور پوچھا: کیا وہ یہی ہیں؟ میں اس سے گھبرایا اور اس کے پاس باہر آیا۔ وہ کہنے لگا: آج بہت ہی بڑا حادثہ ہوا ہے۔ میں نے کہا: وہ کیا ہے؟ کیا غسان آگئے؟ اس نے کہا: نہیں، بلکہ اس سے بھی بڑھ کر اور زیادہ ہولناک۔ نبی ﷺ نے اپنی ازواج کو طلاق دے دی۔ اور عبید بن حنین نے کہا: حضرت ابن عباسؓ نے حضرت عمرؓ سے سنا۔ آپؓ نے فرمایا: نبی ﷺ اپنی ازواج سے الگ ہوگئے ہیں۔ میں نے کہا: حفصہؓ تباہ ہوگئی اور گھاٹے میں رہی۔ میں تو سمجھ گیا تھا کہ یہ عنقریب ہوکر رہے گا۔ میں نے اپنے (اوپر کے) کپڑے پہنے اور جاکر صبح کی نماز نبی ﷺ کے ساتھ پڑھی اور نبی ﷺ اپنے ایک بالا خانہ میں چلے گئے اور اس میں جاکر الگ بیٹھے رہے۔ میں حفصہؓ کے پاس گیا۔ کیا دیکھا کہ وہ رو رہی ہیں۔ میں نے کہا: اب روتی کیوں ہو؟ کیا میں نے تمہیں پہلے سے اس سے چوکس نہیں کردیا تھا؟ کیا نبی ﷺ نے تمہیں طلاق دے دی ہے؟ وہ کہنے لگیں: میں نہیں جانتی۔ وہ بالا خانہ میں الگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ میں وہاں سے نکل کر منبر کے پاس آیا تو کیا دیکھا اس کے ارد گرد کچھ لوگ بیٹھے ہیں اُن میں سے بعض رو رہے ہیں۔ میں اُن کے ساتھ تھوڑی دیر بیٹھا۔ پھر جو تکلیف میں محسوس کررہا تھا اس نے مجھے بے تاب کر دیا۔ میں اس بالا خانہ کے پاس آیا جس میں نبی ﷺ تھے۔ میں نے آپؐ کے حبشی غلام سے کہا: عمرؓ کے لئے اجازت مانگو۔ غلام اندر گیا، اس نے نبی ﷺ سے بات کی۔ پھر وہ لوٹ آیا، کہنے لگا: میں نے نبی ﷺ سے کہا تھا اور حضور سے آپؓ کا ذکر کیا تھا، حضورؐ خاموش رہے۔ میں یہ سن کر مڑگیا اور آکر ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ گیا جو منبر کے پاس تھے۔ پھر اس غم نے جو میں محسوس کر رہا تھا مجھے بے قرار کردیا اور پھر میں آیا اور غلام سے کہا: عمرؓ کے لئے اجازت مانگو۔ وہ اندر گیا اور لوٹ آیا کہنے لگا: میں نے حضورؐ سے آپؓ کا ذکر کیا تھا وہ خاموش رہے۔ یہ سن کر میں واپس لوٹ آیا اور اُن لوگوں کے ساتھ جو منبر کے پاس تھے بیٹھ گیا۔ پھر جو رنج میں محسوس کررہا تھا اس نے مجھے بے قرار کیا اور میں اس غلام کے پاس آیا۔ میں نے کہا: عمرؓ کے لئے اجازت مانگو۔ وہ اندر گیا اور پھر میرے پاس لوٹ آیا اور کہنے لگا: میں نے حضورؐ سے آپؓ کا ذکر کیا وہ خاموش رہے۔ جب میں پیٹھ موڑ کر جانے لگا۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: کیا سنتا ہوں کہ غلام مجھے بلا رہا ہے۔ اس نے کہا: نبی ﷺ نے آپؓ کو اجازت دے دی ہے۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پاس گیا تو کیا دیکھا کہ آپؐ خالی چٹائی پر لیٹے ہوئے ہیں اس کے اور آپؐ کے درمیان کوئی بچھونا نہیں۔ چٹائی نے آپؐ کے پہلو میں نشان ڈالے ہیں۔ آپؐ چمڑے کے ایک تکیے پر ٹیک لگائے ہوئے تھے جس میں کھجور کی چھال کے ریشے بھرے ہوئے تھے۔ میں نے آپؐ کو سلام کیا اور پھر عرض کیا اس حال میں کہ میں کھڑا ہی تھا، یا رسول اللہ! کیا آپؐ نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی ہے؟ آپؐ نے میری طرف نگاہ اٹھائی اور فرمایا: نہیں۔ میں نے اللہ اکبر کہا۔ پھر میں نے عرض کیا اور میں کھڑا ہی تھا، آپؐ کا دل بہلانے کی کوشش کررہا تھا۔ یا رسول اللہ! آپؐ دیکھئے ہم قریش کے لوگ عورتوں پر دباؤ رکھتے تھے جب ہم مدینہ میں آئے تو کیا دیکھا یہ ایسے لوگ ہیں کہ ان پر ان کی عورتیں دباؤ رکھتی ہیں۔ یہ سن کر نبی ﷺ مسکرائے پھر میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپؐ دیکھئے میں حفصہؓ کے پاس گیا اور میں نے اس سے کہا: تجھے یہ بات دھوکا نہ دے کہ تمہاری ہمسائی تم سے زیادہ خوبصورت ہے اور نبی ﷺ کو زیادہ پیاری ہے۔ ان کی مراد حضرت عائشہؓ سے تھی۔ یہ سن کر نبی ﷺ ایک اور دفعہ مسکرائے۔ جب میں نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ مسکرائے ہیں تو میں بیٹھ گیا۔ میں نے نگاہ اٹھا کر آپؐ کے گھر کو دیکھا تو اللہ کی قسم میں نے آپؐ کے گھر میں کوئی ایسی چیز نہ دیکھی جو نگاہ کو بھاتی سوائے تین کچی کھالوں کے۔ میں نے عرض کی: یا رسول اللہ! اللہ سے دعا کریں کہ وہ آپؐ کی اُمت کو کشائش دے۔ کیونکہ فارس اور روم کو بہت کشائش دی گئی ہے اور اُنہیں دنیا ملی ہے حالانکہ وہ اللہ کی عبادت نہیں کرتے۔ یہ سن کر نبی ﷺ اُٹھ بیٹھے اور آپؐ تکیہ لگائے ہوئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: ابن خطابؓ کیا تم اِس دھن میں ہو۔ یہ تو وہ لوگ ہیں جنہیں اُن کی عمدہ چیزیں اِسی دنیا کی زندگی میں جلدی سے دے دی گئی ہیں۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میرے لئے مغفرت کی دعا کریں۔ غرض نبی ﷺ اپنی ازواج سے اسی بات کی وجہ سے انتیس راتیں الگ رہے تھے، جب حفصہؓ نے عائشہؓ سے اسے افشا کردیا تھا۔ آپؐ نے ان پر سخت ناراضگی کی وجہ سے یہ کہا تھا کہ میں ان کے پاس ایک مہینہ تک نہیں جاؤں گا، جب اللہ عزوجل نے آپؐ کو تنبیہ کی تھی۔ جب انتیس راتیں گزر گئیں تو آپؐ عائشہؓ کے پاس آئے اور اُن سے باری شروع کی۔ عائشہؓ نے کہا: یا رسولؐ اللہ! آپؐ نے تو قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمارے پاس مہینہ بھر نہیں آئیں گے، آپؐ کو تو آج صبح صرف انتیس راتیں ہوئی ہیں۔ میں تو اُن کو ایک ایک کرکے گنتی رہی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: مہینہ انتیس رات کا بھی ہوتا ہے اور وہ مہینہ انتیس رات کا ہی تھا۔ حضرت عائشہؓ بیان کرتی تھیں: پھر اللہ تعالیٰ نے آیت تخییر نازل کی تو آپؐ کی ازواج میں سے پہلی عورت میں ہی تھی جس سے آپؐ نے شروع کیا۔ میں نے آپؐ کو اختیار کیا۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے اپنی تمام ازواج کو اختیار دیا اور اُنہوں نے بھی ویسے ہی کہا جو عائشہؓ نے کہا تھا۔