کتاب 89: باب كُفْرَانِ الْعَشِيرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5197
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں سورج گرہن ہوا اور آپؐ نے نماز پڑھی اور لوگوں نے بھی آپؐ کے ساتھ نماز پڑھی۔ آپؐ بڑی دیر تک کھڑے رہے، تقریباً اتنے ہی جتنے میں سورۂ بقرہ پڑھی جاتی ہے۔ پھر آپؐ نے ايك لمبا رکوع کیا۔ پھر آپؐ نے سر اُٹھایا اور بڑی دیر تک کھڑے رہے اور یہ قیام پہلے قیام سے کم تھا۔ پھر آپؐ نے ایک لمبا رکوع کیا اور یہ رکوع پہلے رکوع سے کم تھا۔ پھر آپؐ نے سر اُٹھایا۔ پھر سجدہ کیا۔ پھر اس کے بعد کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے اور یہ اس سے پہلے کے قیام سے کم تھا۔ پھر آپؐ نے ایک لمبا رکوع کیا اور یہ اس سے پہلے رکوع سے کم تھا۔ پھر آپؐ نے سر اٹھایا اور دیر تک کھڑے رہے اور یہ قیام اس سے پہلے کے قیام سے کم تھا۔ پھر آپؐ نے ایک لمبا رکوع کیا اور یہ پہلے رکوع سے کم تھا۔ اس کے بعد آپؐ نے سر اٹھایا پھر سجدہ کیا اور پھر نماز سے فارغ ہوئے اور اس وقت سورج روشن ہو چکا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو سورج اور چاند اللہ کے نشانوں میں سے دو نشان ہیں۔ کسی کی موت کی وجہ سے گرہن نہیں ہوتے اور نہ ہی کسی کی زندگی کی وجہ سے۔ سو جب تم یہ گرہن دیکھو تو اللہ کے ذکر میں مشغول ہو جاؤ۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! ہم نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ اپنی اس جگہ کھڑے کھڑے کوئی چیز ہاتھ بڑھا کر لے رہے تھے۔ پھر ہم نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ پیچھے کو ہٹے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے جنت دیکھی تھی یا فرمایا: مجھے جنت دکھائی گئی تھی تو میں اس کا ایک خوشہ لینے لگا تھا۔ اگر میں اس کو لے لیتا تم اس سے کھاتے رہتے جب تک کہ دنیا باقی رہتی اور میں نے آگ دیکھی اور آج جیسا نظارہ میں نے کبھی نہیں دیکھا اور میں نے اس آگ کے رہنے والوں میں اکثر عورتوں کو دیکھا۔ صحابہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ کیونکر ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اُن کے کفر کی وجہ سے۔ آپؐ سے کہا گیا کہ اللہ کا کفر کرتی ہیں؟ فرمایا: خاوند کا کفر کرتی ہیں، احسان کی ناشکر گزاری کرتی ہیں۔ اگر تو اُن میں سے کسی پر ساری عمر بھی احسان کرتا رہے پھر وہ تجھ سے کوئی بات دیکھے تو کہہ دے گی میں نے تم سے کبھی بھلائی نہیں دیکھی۔
صحیح بخاری 5198
عثمان بن ہیثم نے ہم سے بیان کیا کہ عوف نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابورجاء (عمران بن ملحان) سے، ابورجاء نے حضرت عمران (بن حصینؓ) سے، حضرت عمرانؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے جنت میں جھانکا تو اس کے رہنے والے اکثر غریب ہی دیکھے اور میں نے دوزخ میں جھانکا تو اس کے رہنے والوں میں اکثر عورتیں ہی دیکھیں۔ (عوف کی طرح) ایوب سختیانی اور سلم بن زریر نے بھی یہی روایت بیان کی۔