کتاب 97: باب الْعَزْلِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5207
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت جابرؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے فرمایا: ہم نبی ﷺ کے زمانہ میں عزل کیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 5208
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: عمرو (بن دینار) کہتے تھے کہ عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے خبر دی۔ اُنہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ فرماتے تھے: ہم عزل کیا کرتے تھے اور اُس وقت قرآن بھی نازل ہوتا تھا۔
صحیح بخاری 5209
اور عمرو (بن دینار) سے مروی ہے اُنہوں نے عطاء سے، عطاء نے حضرت جابرؓ سے یہی روایت کی اُنہوں نے فرمایا: ہم نبی ﷺ کے زمانہ میں عزل کیا کرتے تھے جبکہ قرآن بھی نازل ہو رہا تھا۔
صحیح بخاری 5210
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ (بن اسماء) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے مالک بن انس سے، مالک نے زہری سے، زہری نے (عبداللہ) بن محیریز سے، اُنہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نے لڑائی میں عورتیں قید کیں اور ہم عزل کیا کرتے تھے۔ ہم نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ایسا کرتے ہو؟ آپؐ نے تین بار فرمایا: کوئی بھی جان ایسی نہیں جو قیامت کے دن تک ہونے والی ہے مگر وہ ضرور ہی ہو کر رہے گی۔