کتاب 109: باب غَيْرَةِ النِّسَاءِ وَوَجْدِهِنَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5228
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ اُبواسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: میں خوب جانتا ہوں جب تم مجھ سے راضی ہوتی ہو اور جب تم مجھ سے ناراض ہوتی ہو۔ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: آپ یہ کیسے پہچان لیتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جب تم مجھ سے راضی ہوتی ہو تو کہتی ہو: یوں نہیں محمدؐ کے ربّ کی قسم اور اگر تم ناراض ہوتی ہو تو کہتی ہو: یوں نہیں ابراہیمؑ کے ربّ کی قسم۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے کہا: ہاں اللہ کی قسم! یا رسول اللہ میں صرف آپؐ کا نام چھوڑتی ہوں۔
صحیح بخاری 5229
احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ نضر (بن شمیل) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام سے، (ہشام نے) کہا: مجھے میرے باپ نے خبر دی۔ اُنہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کی کسی بیوی پر اتنی غیرت نہیں کھائی جتنی کہ میں نے حضرت خدیجہؓ پر۔ اس لیے کہ رسول اللہ ﷺ کثرت سے اُن کا ذکر کرتے تھے اور اُن کی تعریف کیا کرتے تھے اور رسول اللہ ﷺ کو یہ وحی بھی کی گئی کہ اُنہیں جنت میں اُن کے ایک ایسے گھر کی بشارت دیں جو خولدار موتیوں کا ہو۔