کتاب 112: باب لاَ يَخْلُوَنَّ رَجُلٌ بِامْرَأَةٍ إِلاَّ ذُو مَحْرَمٍ، وَالدُّخُولُ عَلَى الْمُغِيبَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5232
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے ابوالخیر (مرثد بن عبداللہ) سے، اُنہوں نے حضرت عقبہ بن عامرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو عورتوں کے پاس جانے میں احتیاط کیا کرو۔ اِس پر ایک انصاری شخص نے کہا: یا رسول اللہ ! کیا خاوند کے قریبی رشتہ دار (بھائی) بھی؟ آپؐ نے فرمایا: یہ رشتہ دار تو موت ہیں۔
صحیح بخاری 5233
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں خبر دی کہ عمرو (بن دینار) نے ہم سے بیان کیا ، عمرو نے ابومعبد سے، ابومعبد نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی مرد کسی عورت کے پاس تنہا نہ رہے سوا اِس کے کہ اُس کے ساتھ محرم بھی ہو۔ (یہ سن کر) ایک شخص کھڑا ہو گیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ ! میری بیوی حج کے لئے نکلی ہے اور میرا نام فلاں فلاں غزوہ میں لکھا گیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: واپس چلے جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو۔