کتاب 122: باب طَلَبِ الْوَلَدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5245
مسدد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشیم (بن بشیر) سے، ہشیم نے سیار (بن وردان) سے، سیار نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جابرؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں ایک غزوہ میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ تھا۔ جب ہم لوٹے تو میں ایک سست رفتار اونٹ پر سوار تھا، (مدینہ) جلدی جلدی پہنچنے کی کوشش کرتا تھا۔ اتنے میں ایک سوار میرے پیچھے سے آ کر مجھے ملا۔ میں نے جو مڑ کر دیکھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا جلدی پڑی ہے؟ میں نے کہا: میں نے نئی نئی شادی کی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا باکرہ سے شادی کی ہے یا ثیبہ سے؟ میں نے کہا: بلکہ ثیبہ سے۔ آپؐ نے فرمایا: لڑکی کیوں نہ کی کہ تم اس سے کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: جب ہم (مدینہ) پہنچے تو ہم شہر میں داخل ہونے لگے آپؐ نے فرمایا: ٹھہر جاؤ، رات کو یعنی عشاء کے وقت داخل ہونا تا کہ جس کے بال پراگندہ ہوں وہ کنگھی کر لے اور جس کا خاوند غائب تھا وہ پاکی کر لے۔ ہشیم کہتے تھے اور مجھ سے ایک معتبر شخص نے بیان کیا کہ آپؐ نے اس گفتگو کے اثنا میں یہ بھی کہا: جابرؓ اچھی اولاد کو مدنظر رکھنا، اچھی اولاد کو مد نظر رکھنا۔ كَيْسَ کے معنے ہیں عقلمند اولاد کی خواہش رکھنا۔
صحیح بخاری 5246
محمد بن ولید نے ہمیں بتایا کہ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سیار سے، سیار نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر تم رات کو پہنچو تو اُس وقت تک اپنے گھر والوں کے پاس نہ جانا جب تک کہ جس کا خاوند غیر حاضر رہا ہے وہ اُسترا اِستعمال نہ کر لے اور جس کے بال بکھرے ہیں وہ کنگھی نہ کر لے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے یہ بھی فرمایا: دیکھنا اچھی اولاد کو مد نظر رکھنا، اچھی اولاد کو مد نظر رکھنا۔ (شعبی کی طرح) اِس حدیث کو عبیداللہ نے وہب (بن کیسان) سے بھی نقل کیا ہے، وہب نے حضرت جابرؓ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے اچھی اولاد کے حاصل کرنے کے متعلق روایت کیا۔