کتاب 68: كتاب الطلاق
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5251
اسماعیل بن عبداللہ (اُوَیسی) نے ہم سے بیان کرتے ہوئے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اُنہوں نے اپنی بیوی کو رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں طلاق دی اور وہ حائضہ تھی۔ حضرت عمر بن خطابؓ نے اِس کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس سے کہو کہ اس کو واپس لائے اور پھر اُس وقت تک اپنے پاس رکھے کہ جب تک وہ پاک نہ ہو جائے اور پھر اس کے بعد حائضہ ہو اور پھر پاک ہو پھر اس کے بعد اگر چاہے تو روکے، چاہے تو طلاق دے دے پیشتر اس کے کہ اس کو چھوئے یہی وہ عدت ہے جس کے متعلق اللہ نے حکم دیا کہ عورتوں کو اُن کی عدت پر طلاق دی جائے۔
صحیح بخاری 5252
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے انس بن سیرین سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: حضرت ابن عمرؓ نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی جبکہ وہ حائضہ تھی تو حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو واپس کرے۔ (انس بن سیرین کہتے تھے کہ) میں نے کہا: کیا وہ شمار ہو گی؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا : چپ رہو۔ اور قتادہ سے مروی ہے کہ اُنہوں نے یونس بن جبیر سے، یونس نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اس میں یوں ہے، آپؐ نے فرمایا: اس سے کہو کہ وہ اس کو واپس کرے۔ (یونس بن جبیر کہتے تھے کہ) میں نے کہا: کیا وہ شمار کی جائے گی؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: بھلا بتاؤ کہ تب بھی کہ جب وہ کسی فرض کو ادا نہ کر سکا ہو اور احمق بنا ہو۔
صحیح بخاری 5253
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا کہ ایوب (سختیانی) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میرے لئے ایک طلاق شمار کی گئی تھی۔
صحیح بخاری 5254
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ ولید (بن مسلم) نے ہمیں بتایا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہری سے پوچھا: نبی ﷺ کی ازواج میں سے کس نے آپؐ سے پناہ مانگی تھی؟ زہری نے کہا: مجھے عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ جَون کی بیٹی کو جب رسول اللہ ﷺ کے پاس رخصت کیا گیا اور آپؐ اس کے قریب گئے وہ کہنے لگی: میں آپؐ سے اللہ کی پناہ مانگتی ہوں۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: تم نے بہت ہی بڑے کی پناہ لی ہے۔ جاؤ اپنے رشتہ داروں سے جا ملو۔ ابوعبداللہ نے کہا: اس حدیث کو حجاج بن (یوسف بن) ابی منیع نے بھی اپنے دادا (ابومنیع عبیداللہ بن ابی زیاد) سے، اُن کے دادا نے زہری سے روایت کی کہ عروہ نے ان کو بتایا کہ حضرت عائشہؓ نے کہا۔
صحیح بخاری 5255
ابونعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن غسیل (بن سلیمان بن عبداللہ بن حنظلہ انصاری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حمزہ بن ابی اُسید سے، حمزہ نے حضرت ابواُسید رضی اللہ عنہ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے اور ایک باغ کو چلے گئے جسے شوط کہتے تھے۔ ہم دو باغوں میں پہنچ کر اُن دونوں کے درمیان بیٹھ گئے نبی ﷺ نے فرمایا: یہاں بیٹھ جاؤ اور آپؐ باغ میں گئے اور وہاں آپؐ کے پاس جَون قبیلے کی ایک عورت لائی گئی تھی اور اُسے ایک گھر میں جو کھجور کے باغ میں تھا ٹھہرایا گیا تھا یعنی اُمیمہ بنت نعمان بن شراحیل کے گھر میں، اور اُس عورت کے ساتھ اُس کی دایہ بھی تھی جو اُس کی کھلائی تھی۔ جب نبی ﷺ اُس کے پاس گئے آپؐ نے فرمایا: تم اپنے آپ کو مجھے ہبہ کردو۔ وہ بولی: کیا بادشاہ زادی بھی اپنے تئیں بازاریوں کو ہبہ کیا کرتی ہے؟ راوی نے کہا: آپؐ نے اپنا ہاتھ بڑھایا کہ اس پر اپنا ہاتھ رکھیں تا کہ اس کی گھبراہٹ دور ہو۔ وہ کہنے لگی: تم سے اللہ کی پناہ مانگتی ہوں۔ آپؐ نے یہ سن کر فرمایا: تم نے ایک ایسے کی پناہ لی ہے جس کی پناہ لی جاتی ہے اور یہ کہہ کر آپؐ ہمارے پاس باہر آگئے اور فرمایا: ابواُسیدؓ اِس کو ایک رازقی جوڑا پہننے کے لئے دو اور اِس کے گھر والوں کے پاس اِس کو پہنچا دو۔
صحیح بخاری 5256
اور حسین بن ولید نیشا پوری نے کہا: اُنہوں نے عبدالرحمٰن (بن غسیل) سے، عبدالرحمٰن نے عباس بن سہل سے، عباس نے اپنے باپ (حضرت سہل بن سعدؓ) اور حضرت ابواُسیدؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا، اُن دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے اُمیمہ بنت شراحیل سے شادی کی تھی۔ جب اس کو آپؐ کے پاس رخصت کیا گیا، آپؐ نے اپنا ہاتھ اس کی طرف بڑھایا تو ایسا معلوم ہوا کہ جیسے اس نے اس کو ناپسند کیا ہے۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے حضرت ابواُسیدؓ کو حکم دیا کہ اُس کے لئے سامانِ سفر تیار کریں اور ایک سفید کتانی جوڑا پہننے کے لئے بھی دیں۔ عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن ابی الوزیر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن غسیل) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حمزہ بن ابی اُسید سے، حمزہ نے اپنے باپ سے روایت کی۔ نیز (عبد الرحمٰن نے) عباس بن سہل بن سعد سے اور اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا۔
صحیح بخاری 5257
اور حسین بن ولید نیشا پوری نے کہا: اُنہوں نے عبدالرحمٰن (بن غسیل) سے، عبدالرحمٰن نے عباس بن سہل سے، عباس نے اپنے باپ (حضرت سہل بن سعدؓ) اور حضرت ابواُسیدؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا، اُن دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے اُمیمہ بنت شراحیل سے شادی کی تھی۔ جب اس کو آپؐ کے پاس رخصت کیا گیا، آپؐ نے اپنا ہاتھ اس کی طرف بڑھایا تو ایسا معلوم ہوا کہ جیسے اس نے اس کو ناپسند کیا ہے۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے حضرت ابواُسیدؓ کو حکم دیا کہ اُس کے لئے سامانِ سفر تیار کریں اور ایک سفید کتانی جوڑا پہننے کے لئے بھی دیں۔ عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن ابی الوزیر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن غسیل) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حمزہ بن ابی اُسید سے، حمزہ نے اپنے باپ سے روایت کی۔ نیز (عبد الرحمٰن نے) عباس بن سہل بن سعد سے اور اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا۔
صحیح بخاری 5258
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو غلاب یونس بن جبیر سے روایت کی، وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمر ؓ سے کہا: ایک آدمی نے اپنی بیوی کو ایسے وقت میں طلاق دے دی ہو جبکہ وہ حائضہ ہے؟ تو اُنہوں نے کہا: کیا تم ابن عمر ؓ کو جانتے ہو؟ ابن عمر ؓ نے بھی اپنی بیوی کو ایسے وقت میں طلاق دے دی تھی جب وہ حائضہ تھی۔ اس پر حضرت عمر ؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے یہ ذکر کیا تو آپؐ نے اُن کو حکم دیا کہ وہ اُس کو واپس لے لے۔ جب وہ حیض سے پاک ہو اور اُس کو طلاق دینا چاہے تو پھر اُس کو طلاق دے۔ (یونس کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن عمر ؓ سے پوچھا: کیا آپؐ نے اُس کو طلاق شمار کیا ؟ تو اُنہوں نے کہا: بھلا بتلاؤ تو سہی کہ تب بھی اگر وہ عاجز ہو اور احمق بنے۔
صحیح بخاری 5259
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ نے اُنہیں خبر دی کہ عویمر عجلانیؓ، عاصم بن عدی انصاریؓ کے پاس آئے اور اُن سے کہا: عاصمؓ بتائیں تو سہی کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی دوسرے شخص کو پایا ہو تو کیا وہ جو اس کو مار ڈالے تم بھی اس کو مار ڈالو گے یا وہ کیا کرے؟ عاصمؓ رسول اللہ ﷺ سے اِس کے متعلق مجھے پوچھ دو، چنانچہ عاصمؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اِس کے متعلق پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے ایسے مسائل کو ناپسند کیا اور اِسے معیوب جانا۔ یہاں تک کہ عاصمؓ پر جو اُنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا تھا گراں گزرا۔ جب عاصمؓ اپنے گھر والوں کے پاس واپس آئے تو عویمرؓ آئے اور کہنے لگے: عاصمؓ رسول اللہ ﷺ نے تم سے کیا فرمایا؟ عاصمؓ نے کہا: تم نے مجھ سے اچھا نہ کیا رسول اللہ ﷺ نے اُس مسئلہ کو برا منایا جس کے متعلق میں نے آپ سے پوچھا۔ عویمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم میں تو رکنے کا نہیں، جب تک کہ آپؐ سے اس کے متعلق پوچھ نہ لوں۔ یہ کہہ کر عویمرؓ چلے گئے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس جبکہ آپؐ لوگوں کے درمیان بیٹھے تھے آئے اور کہا: یا رسولؐ اللہ! آپؐ ایسے شخص کے متعلق بتلائیں کہ جس نے اپنی بیوی کے ساتھ دوسرے شخص کو پایا ہو تو کیا وہ جو اسے مار ڈالے؟ پھر آپ (لوگ) اسے بھی مار ڈالیں گے؟ یا وہ کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے متعلق اور تمہاری بیوی کے متعلق اللہ نے حکم نازل کردیا ہے جاؤ اُس کو لے آؤ۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: پھر اُن دونوں نے ایک دوسرے کو لعان کیا اور میں بھی لوگوں کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھا تھا۔ جب وہ دونوں فارغ ہوئے تو عویمرؓ نے کہا: یا رسولؐ اللہ! اگر میں نے اس کو گھر میں رکھا تو میں نے اس کے متعلق جھوٹ ہی کہا، اس لئے اس نے اس عورت کو پیشتر اس کے کہ رسول اللہ ﷺ اُس کو حکم دیتے تین طلاقیں دے دیں۔ ابن شہاب نے کہا: پھر لعان کرنے والوں کا یہی طریقہ ہوگیا۔
صحیح بخاری 5260
سعید بن عفیر نے ہمیں بتایا کہ لیث (بن سعد) نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ عقیل نے ابن شہاب سے، اُنہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے خبر دی کہ حضرت عائشہؓ نے اُن کو بتایا: رفاعہ قرظیؓ کی بیوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ ! رفاعہؓ نے مجھے طلاق دے دی اور طلاق بھی قطعی دی اور میں نے اس کے بعد عبدالرحمٰنؓ بن زبیر قرظی سے نکاح کیا۔ اس کے پاس تو کپڑے کے پلّو جیسا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: شاید تم رفاعہؓ کے پاس واپس جانا چاہتی ہو، کبھی نہیں، جب تک کہ عبدالرحمٰن تمہارا مزہ نہ چکھے اور تم اُس کا مزہ نہ اٹھاؤ۔
صحیح بخاری 5261
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبیداللہ (بن عمر عمری) سے، اُنہوں نے کہا: قاسم بن محمد نے مجھ سے بیان کیا۔ قاسم نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں اور پھر اُس نے نکاح کرلیا اور اس دوسرے نے بھی طلاق دے دی۔ نبی ﷺ سے پوچھا گیا: کیا پہلے کے لئے یہ جائز ہوگئی؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں، جب تک کہ دوسرا اس کا مزہ نہ اٹھائے جیسا کہ پہلے نے اٹھایا۔
صحیح بخاری 5262
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ مسلم (بن صبیح ابوالضحیٰ) نے ہمیں بتایا۔ مسلم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے ہم کو اختیار دیا اور ہم نے اللہ اور اس کے رسول کو اختیار کیا اور یہ ہمارے متعلق کوئی طلاق نہیں شمار کی گئی۔
صحیح بخاری 5263
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، عامر نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مسروق سے روایت کی، اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے اختیار دینے کے متعلق پوچھا۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں اختیار دیا تھا تو کیا یہ طلاق ہوگئی تھی؟ مسروق کہتے تھے کہ میں اس کی پرواہ نہیں کرتا کہ جبکہ وہ مجھے اختیار کر لے تو پھر اس کے بعد میں اس کو ایک بار اختیار دوں یا سو بار اختیار دوں۔
صحیح بخاری 5264
اور لیث نے کہا: اُنہوں نے نافع سے نقل کیا۔ اُنہوں نے کہا: حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ سے جب اس شخص کے متعلق پوچھا جاتا جس نے تین طلاقیں دے دیں تو وہ کہتے: اگر تو ایک دفعہ یا دو دفعہ طلاق دیتا (تو رجوع کر سکتا تھا) کیونکہ نبی ﷺ نے مجھے یہی حکم دیا۔ اگر تم اس کو تین طلاقیں دے دو تو وہ تم پر حرام ہوگئی یہاں تک کہ تمہارے سوا کسی اور خاوند سے نکاح کرے.
صحیح بخاری 5265
محمد (بن سلام) نے ہمیں بتایا کہ ابو معاویہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ایک مرد نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی۔ اس عورت نے اُس کے سوا کسی اور مرد سے شادی کرلی۔ پھر اُس نے بھی اُس کو طلاق دے دی اور اُس کا کپڑے کے حاشیہ کی طرح تھا۔ اور اُس سے وہ کچھ بھی مقصد حاصل نہ کر سکی جو وہ چاہتی تھی۔ پھر جلد ہی اس نے اس عورت کو طلاق دے دی۔ وہ نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ ! میرے خاوند نے مجھے طلاق دے دی تھی اور میں نے اُس کے سوا ایک اور خاوند سے شادی کی وہ مجھ سے ہم بستر ہوا اور اس کا تو کپڑے کے حاشیہ کی طرح تھا۔ اور وہ ایک ہی بار کچھ ایسے ہی میرے ساتھ رہا کہ مجھ سے کچھ کر نہ سکا، تو کیا میں اپنے پہلے خاوند کے لئے جائز ہوں گی؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے پہلے خاوند کے لئے اس وقت تک جائز نہیں ہو سکتی جب تک یہ دوسرا تمہارا مزہ نہ اٹھائے اور تم اس کا مزہ نہ اٹھاؤ۔
صحیح بخاری 5266
حسن بن صباح نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ربیع بن نافع سے سنا کہ معاویہ (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا۔ معاویہ نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے یعلیٰ بن حکیم سے، یعلیٰ نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ وہ اُنہیں خبر دیتے تھے کہ اُنہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا وہ کہتے تھے: اگر کوئی اپنی بیوی سے یوں کہے کہ تو مجھ پر حرام ہے تو اُس سے کچھ نہیں ہوتا اور اُنہوں نے کہا: تمہارے لئے رسول اللہ میں اچھا نمونہ ہے۔
صحیح بخاری 5267
حسن بن محمد بن صباح نے مجھ سے بیان کیا کہ حجاج (بن محمد اعور) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابنِ جریج سے، ابن جریج نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے کہا: اُنہوں نے عبید بن عمیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا کہ نبی ﷺ حضرت زینبؓ بنت جحش کے پاس ٹھہرا جایا کرتے تھے اور وہاں شہد پیا کرتے تھے۔ میں نے اور حفصہؓ نے مل کر آپس میں مشورہ کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس نبی ﷺ آئیں، تو وہ یوں کہے: میں آپؐ سے ہینگ کی بو محسوس کرتی ہوں۔ آپؐ نے ہینگ کھائی ہے۔ چنانچہ آپؐ اُن میں سے ایک کے پاس آئے اور اُس نے آپؐ سے یہ کہا۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں بلکہ میں نے زینبؓ بنت جحش کے پاس شہد پیا ہے اور اب کبھی اسے دوبارہ نہیں پیوں گا۔ تب یہ آیت نازل ہوئی۔ یعنی اے نبی! تُو کیوں حرام کر رہا ہے جسے اللہ نے تیرے لئے حلال قرار دیا ہے تُو اپنی بیویوں کی رضا چاہتا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔ اللہ نے تم پر اپنی قسمیں کھولنا لازم کر دیا ہے اور اللہ تمہارا مولا ہے اور وہ صاحبِ علم (اور) صاحبِ حکمت ہے۔ اور جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی سے بصیغۂ راز ایک بات کہی پھر جب اس نے وہ بات (آگے) بتا دی اور اللہ نے اُس (یعنی نبی) پر وہ (معاملہ) ظاہر کر دیا تو اُس نے کچھ حصہ سے تو اُس (بیوی) کو آگاہ کر دیا اور کچھ سے چشم پوشی کی پس جب اُس نے اُس (بیوی) کو اِس کی خبر دی تو اُس نے پوچھا کہ آپ کو کس نے بتایا ہے تو اس نے کہا کہ علیم و خبیر نے مجھے بتایا ہے۔ اگر تم دونوں اللہ کی طرف توبہ کرتے ہوئے جھکو تو (یہی زیبا ہے۔) یہ خطاب حضرت عائشہؓ اور حضرت حفصہؓ کو ہے۔ یعنی جب نبی نے اپنی بیویوں میں سے کسی کو بطور راز کے بتایا، اس سے مراد آنحضرت ﷺ کا یہ کہنا تھا: نہیں بلکہ میں نے شہد پیا ہے۔
صحیح بخاری 5268
فروہ بن ابی المغراء نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ شہد اور میٹھا پسند کرتے تھے اور جب عصر کی نماز سے فارغ ہو جاتے تو اپنی ازواج کے پاس جاتے اور ان میں سے ایک کے پاس بیٹھ کر باتیں بھی کرتے۔ آپؐ حفصہ بنت عمرؓ کے پاس گئے اور وہاں اس سے زیادہ دیر ٹھہرے جو عموماً آپؐ ٹھہرا کرتے تھے۔ میں نے اس سے غیرت کھائی اور میں نے اس کی وجہ دریافت کی۔ مجھے بتایا گیا کہ حفصہؓ کی قوم کی ایک عورت نے اُن کو شہد کا ایک کُپا ہدیۃً دیا اور اُنہوں نے نبی ﷺ کو شہد کا کچھ شربت پلایا۔ میں نے کہا: اللہ کی قسم! میں بھی آپؐ کے لئے حیلہ کروں گی۔ میں نے سودہ بنت زمعہؓ سے کہا کہ آنحضرت ﷺ اب تمہارے پاس آئیں گے جب تمہارے پاس آئیں تو تم کہنا آپؐ نے ہینگ کھائی ہے تو وہ تم سے کہیں گے نہیں۔ پھر تم اُن سے کہنا: یہ کیا بو ہے جو میں آپؐ سے محسوس کر رہی ہوں؟ وہ تم سے کہیں گے کہ حفصہؓ نے مجھے شہد کا شربت پلایا ہے۔ تم کہنا: اس شہد کی مکھی نے عُرفط کے درخت کا رس چوسا ہے اور میں بھی یہی کہوں گی اور صفیہؓ ! تم بھی ایسا ہی کہنا۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: سودہؓ کہتی تھیں: اللہ کی قسم! ابھی تھوڑی دیر گزری تھی کہ رسول اللہ ﷺ آن کھڑے ہوئے اور میں نے تمہارے ڈر سے یہ چاہا کہ جو بات تم نے مجھ سے کہی تھی وہ جھٹ پہلے ہی آپؐ سے کہہ دوں (مگر کہہ نہ سکی۔) جب آپؐ اُن کے نزدیک آئے تو سودہؓ نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے کہیں ہینگ کھائی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ سودہؓ نے کہا: پھر یہ کیا بو ہے جو میں آپؐ سے محسوس کرتی ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: حفصہؓ نے مجھے شہد کا شربت پلایا ہے۔ تب سودہؓ نے کہا: اس شہد کی مکھی نے عُرفط کا رس چوسا ہے۔ جب آپؐ چکر لگا کر میرے پاس آئے میں نے آپؐ سے یہی کہا اور جب صفیہؓ کے پاس گئے اُنہوں نے بھی یہی کہا۔ جب حفصہؓ کے پاس (دوسرے دن) چکر لگاتے ہوئے گئے انہوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا میں آپؐ کو شہد کا شربت نہ پلاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: مجھے اس کی ضرورت نہیں۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: سودہؓ کہنے لگیں: اللہ کی قسم! ہم نے آپؐ کو شہد سے محروم کیا۔ میں نے کہا: چپ رہو۔
صحیح بخاری 5269
مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُرارہ بن اوفیٰ سے، زُرارہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ اللہ نے میری امت سے ان خیالات میں درگزر کیا ہے جو کہ اُن کے نفس میں پیدا ہوتے ہوں جب تک کہ وہ اُن پر عمل نہ کرے یا زبان سے نہ نکالے۔ قتادہ نے کہا: اگر کسی نے اپنے دل میں طلاق دے دی تو وہ بے کار ہے۔
صحیح بخاری 5270
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے کہا: مجھے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے حضرت جابرؓ (انصاری) سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (وہ کہتے تھے:) اسلم قبیلے کا ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ مسجد میں تھے اور کہنے لگا کہ اس نے زنا کیا ہے۔ آپؐ نے اس سے منہ پھیر لیا۔ مگر پھر وہ اُدھر ہی گیا جدھر آپؐ نے منہ پھیرا اور اپنے متعلق چار قسمیں کھا کر اپنے خلاف شہادت دی۔ آپؐ نے اُس کو بلایا اور فرمایا: تمہیں جنون تو نہیں؟ کیا تمہارا نکاح ہو چکا ہے؟ اُس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے اس کے متعلق حکم دیا کہ اُس کو عیدگاہ میں سنگسار کیا جائے۔ جب پتھر اس پر پڑنے لگے تو وہ بھاگا۔ آخر حرہ میں جا کر پکڑا گیا اور پھر مار ڈالا گیا۔