کتاب 68: كتاب الطلاق
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 5291
اور مجھ سے اسماعیل (بن ابی اُوَیس) نے کہا کہ مالک نے نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ جب چار مہینے گزر جائیں تو مرد کو (پکڑ کر) مجبور کیا جائے کہ وہ طلاق دے، اور جب تک وہ طلاق نہ دے گا طلاق نہ ہوگی۔ اور حضرت عثمانؓ، حضرت علیؓ، حضرت ابودرداءؓ، حضرت عائشہؓ اور نبی ﷺ کے صحابہ میں سے بارہ اور اشخاص سے یہی بیان کیا جاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5292
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے، یحيٰ نے یزید سے جو مُنْبَعِث کے غلام تھے، روایت کی کہ نبی ﷺ سے گمشدہ بکری کے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اُسے لے لو کیونکہ وہ یا تمہارے لئے ہے یا تمہارے بھائی کے لئے یا بھیڑئیے کے لئے۔ اور آپؐ سے گمشدہ اُونٹ کے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ ناراض ہوئے اور آپؐ کے رخسار سرخ ہو گئے اور فرمایا: تمہیں اس سے کیا تعلق؟ جوتا اور مشکیزہ اس کے پاس ہے۔ پانی پیتا ہے، درختوں سے چرتا ہے جب تک کہ اُس کا مالک اُس سے نہ مل جائے؛ اور آپؐ سے گری پڑی چیز سے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کا سر بندھن اور تھیلا پہچان رکھو اور ایک برس تک اس کی شناخت کرواتے رہو۔ اگر تو وہ آ گیا جو اُس کو پہچانتا ہے (تو بہتر) ورنہ اُس کو اپنے مال میں ملا لو۔ سفیان (بن عیینہ) نے کہا: پھر میں ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے ملا۔ سفیان نے کہا: اور میں نے ربیعہ سے سوائے اس حدیث کے اور کچھ یاد نہیں رکھا۔ میں نے (اُن سے) پوچھا: بتائیں یہ جو مُنْبَعِث کے غلام یزید کی حدیث گمشدہ چیز کے متعلق ہے، آیا وہ حضرت زید بن خالدؓ سے مروی ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ (سفیان کہتے تھے کہ) یحيٰ نے کہا: ربیعہ نے مُنْبَعِث کے غلام یزید سے روایت کی۔ یزید، حضرت زید بن خالدؓ سے اس کو موصولاً روایت کرتے ہیں۔ سفیان کہتے تھے: اس پر میں ربیعہ سے ملا اور میں نے اُن سے پوچھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5293
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابوعامر عبدالملک بن عمرو نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن طہمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (حذاء) سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے اُونٹ پر سوار ہو کر طواف کیا اور آپؐ جب حجر اَسْود کے سامنے آتے تو آپؐ اُس کی طرف اشارہ کرتے اور اللہ اکبر کہتے۔ اور حضرت زینبؓ کہتی تھیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا: یاجوج ماجوج کا بند اتنا کھل گیا ہے اور انگلیوں سے نوے کا عدد (اشارہ کرکے) بنایا۔
وَقَالَتْ زَيْنَبُ قَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " فُتِحَ مِنْ رَدْمِ يَأْجُوجَ وَمَأْجُوجَ مِثْلُ هَذِهِ ". وَعَقَدَ تِسْعِينَ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5294
مسدد نے ہمیں بتایا کہ بشر بن مفضل نے ہم سے بیان کیا۔ سلمہ بن علقمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن سیرین سے، محمد نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا کہ جمعہ میں ایک ایسی گھڑی ہے کہ جس کو جو مسلمان بھی ایسی حالت میں پا لے گا کہ وہ کھڑا ہو کر نماز پڑھتا ہوگا، پھر وہ اللہ سے جو بھلائی بھی مانگے تو وہ اس کو ضرور عطا کرے گا اور آپؐ نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کر کے بتایا۔ اپنے انگوٹھے کی پور اپنی درمیانی انگلی اور چھنگلی کے درمیان رکھی۔ ہم نے سمجھا کہ آپؐ کا مطلب یہ ہے کہ وہ گھڑی تھوڑی دیر رہتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5295
اور اُوَیسی نے کہا: ہمیں ابراہیم بن سعد نے بتایا۔ انہوں نے شعبہ بن حجاج سے، شعبہ نے ہشام بن زید سے، ہشام نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کرتے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں ایک یہودی نے ایک لڑکی پر حملہ کیا اور (اُس کا) زیور جو اُس نے پہنا ہوا تھا لے لیا اور اُس کا سر کچل ڈالا اُس لڑکی کے رشتہ دار اُس کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لائے اور وہ آخری سانس لے رہی تھی اور زبان بھی بند ہو چکی تھی۔ تو رسول اللہ ﷺ نے اس سے پوچھا: تم کو کس نے قتل کیا؟ اور جس نے اُس کو قتل نہیں کیا تھا اُس کا نام لے کر فرمایا: فلاں نے؟ اس نے اپنے سر سے اشارہ کیا کہ نہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے کہ آپؐ نے پھر ایک اور شخص کا نام لیا جس نے اُس کو قتل نہیں کیا تھا تو اُس نے اشارہ کیا کہ نہیں۔ پھر اُس کے قاتل کا نام لے کر کہا کہ فلاں نے؟ تو اُس نے سر کے اشارہ سے بتایا کہ ہاں۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے اُس قاتل کے متعلق حکم دیا۔ اس کا سر بھی دو پتھروں کے درمیان کچلا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5296
قبیصہ (بن عقبہ کوفی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: فتنہ ادھر سے ہوگا اور آپؐ نے مشرق کی طرف اشارہ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5297
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن عبدالحمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق شیبانی سے، ابواسحاق نے حضرت عبداللہ بن ابی اَوفیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھے۔ جب سورج ڈوب گیا تو آپؐ نے ایک شخص سے فرمایا: اُترو اور میرے لئے ستو گھولو۔ وہ کہنے لگا: یا رسول اللہ! شام ہو لے۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد آپؐ نے فرمایا: اُترو ستو گھولو۔ وہ کہنے لگا: یا رسول اللہ! شام ہو لے۔ ابھی تو دن ہے۔ پھر کچھ دیر بعد فرمایا: اُترو ستو گھولو۔ آخر تیسری بار فرمانے پر وہ اُترا اور اس نے آپؐ کے لئے ستو گھولے۔ رسول اللہ ﷺ نے وہ پئے اور پھر اپنے ہاتھ سے مشرق کی طرف اشارہ کیا اور فرمایا: جب تم دیکھو کہ تاریکی اس طرف (مشرق) سے چھا گئی ہے تو پھر روزہ دار نے روزہ افطار کر لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5298
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان تَیْمی سے، سلیمان نے ابوعثمان (نہدی) سے، ابوعثمان نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کسی کو بلالؓ کی نداء یا فرمایا: اس کی اذان اپنی سحری کھانے سے نہ روکے کیونکہ وہ صرف اس لئے پکارتا ہے یا فرمایا: اس لئے اذان دیتا ہے تا کہ جو تم میں سے کھڑا نماز پڑھ رہا ہو لَوٹ جائے۔ اس سے یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ گویا وہ وقت صبح کا ہے یا (فرمایا:) فجر کا ہے (جو روشنی اس طرح لمبی ظاہر ہوتی ہے۔) یزید (راوی) نے اپنے دونوں ہاتھ اُوپر اٹھائے پھر ایک کو دوسرے سے کھینچ کر الگ لے گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5299
اور لیث (بن سعد) نے کہا کہ جعفر بن ربیعہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن ہرمز سے، عبدالرحمٰن نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بخیل اور خرچ کرنے والے کی مثال دو شخصوں کی ہے جنہوں نے اپنی چھاتی سے لے کر اپنی ہنسلی تک لوہے کے جبے پہنے ہوئے ہوں۔ وہ جو خرچ کرنے والا ہے تو وہ جو بھی خرچ کرتا ہے تو وہ جبہ اس کے جسم پر لمبا ہوتا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ اس کے سارے جسم کو انگلیوں تک ڈھانپ لیتا ہے۔ اور اس کے قدم کے نشان کو پیچھے سے مٹاتا چلا آتا ہے۔ اور جو بخیل ہے وہ خرچ کرنے کا ارادہ نہیں کرتا مگر اس جبے کا ایک ایک حلقہ اپنی جگہ میں سمٹ کر تنگ ہو جاتا ہے۔ اور وہ اس کو کشادہ کرتا ہے اور وہ کشادہ نہیں ہوتا۔ اور وہ اپنی انگلی سے اپنے حلق کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5300
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید انصاری سے، یحيٰ نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں انصار کے گھرانوں میں سے بہتر گھرانہ نہ بتاؤں؟ صحابہ نے کہا: کیوں نہیں یا رسول اللہ! ضرور بتائیں۔ فرمایا: بنو نجار، پھر جو اُن سے قریب رہتے ہیں یعنی بنو عبد الاشہل، پھر جو اُن کے قریب یعنی بنو حارث بن خزرج، پھر وہ جو اُن کے قریب ہیں یعنی بنو ساعدہ۔ پھر آپؐ نے اپنے ہاتھ سے اشارہ کرکے بتایا اور اپنی انگلیوں کو اکٹھا کر لیا پھر اُن کو کھولا جیسے پھینکنے والا اپنے ہاتھ کو کھولتا ہے۔ پھر فرمایا: انصار کے سارے گھرانوں میں بھلائی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5301
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے کہا: میں نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے جو رسول اللہ ﷺ کے صحابی تھے، یہ سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں اور وہ گھڑی یوں مبعوث ہوئے ہیں جیسے یہ انگلی اس انگلی سے۔ یا (فرمایا:) اِن دو انگلیوں کی طرح۔ اور آپؐ نے شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی کو ملا دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5302
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ جبلہ بن سُحَیم نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا کہ مہینہ اتنا اور اتنا اور اتنا ہوتا ہے یعنی تیس دن کا۔ پھر فرمایا: اتنا اور اتنا اور اتنا یعنی ۲۹ دن کا۔ آپؐ کی مراد یہ تھی کبھی ۳۰ کا کبھی ۲۹ کا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5303
محمد بن مثنیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے، قیس نے حضرت ابومسعود (انصاریؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اپنے ہاتھ سے یمن کی طرف دو دفعہ اشارہ کرکے بتایا کہ ایمان یہاں ہے اور سنگدلی اور اکھڑ پن ان شتربانوں میں ہوتی ہے جہاں شیطان کی دو چوٹیاں نمودار ہوں گی یعنی ربیعہ اور مُضَر (قبیلوں) سے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5304
عمرو بن زُرارہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبد العزیز بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت سہل (بن سعد ساعدیؓ) سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں اور یتیم کی پرورش کرنے والا جنت میں یوں ہوں گے اور آپؐ نے شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی سے اشارہ کیا اور ان کے درمیان کچھ تھوڑا سا فاصلہ رکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5305
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی۔ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میرا ایک سیاہ رنگ کا بچہ پیدا ہوا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے کچھ اُونٹ ہیں؟ اُس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے پوچھا: اُن کا رنگ کیسا ہے؟ اُس نے کہا: سرخ۔ آپؐ نے پوچھا: کیا اُن میں کوئی خاکی رنگ کا بھی ہے؟ اُس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے پوچھا: یہ کہاں سے آیا؟ اُس نے کہا: شاید یہ مشابہت کسی وراثت کے اثر کے ماتحت ہو۔ آپؐ نے فرمایا: شاید یہ بھی کوئی رگ ہو جس نے تمہارے اس بچے کو اپنے ہم شکل کر لیا ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5306
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک انصاری شخص نے اپنی بیوی پر زنا کی تہمت لگائی اور نبی ﷺ نے اُن دونوں کو قسمیں دلائیں اور اُن دونوں کو جدا کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5307
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن حسان سے روایت کی کہ عکرمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ہلال بن امیہ نے اپنی بیوی پر زنا کی تہمت لگائی۔ وہ آیا اور اُس نے شہادت دی اور نبی ﷺ یہ فرما رہے تھے: اللہ خوب جانتا ہے کہ تم میں سے ایک ضرور جھوٹا ہے تو کیا پھر تم میں سے کوئی توبہ کرنے والا ہے؟ اس کے بعد وہ کھڑی ہوئی اور اُس نے شہادت دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5308
اسماعیل (بن ابی اُوَیس) نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ نے انہیں بتایا کہ عُوَیمر عجلانیؓ عاصم بن عدی انصاریؓ کے پاس آئے اور اُن سے کہنے لگے: عاصمؓ ! بتاؤ تو سہی ایک شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی شخص کو پایا ہے۔ آیا اگر وہ اُس کو مار ڈالے تو پھر تم بھی اُس کو مار ڈالو گے یا وہ کیا کرے؟ عاصمؓ ! میرے لئے اس کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے پوچھ لو۔ چنانچہ عاصمؓ نے اُس کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے ایسے مسائل کو برا منایا اور اسے معیوب گردانا یہاں تک کہ عاصمؓ پر جو انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، دوبھر گزرا۔ جب عاصمؓ اپنے گھر والوں کے پاس لوٹے، اُن کے پاس عُوَیمرؓ آئے اور کہنے لگے: عاصمؓ ! رسول اللہ ﷺ نے آپ سے کیا فرمایا ؟ عاصمؓ نے عُوَیمرؓ سے کہا: تم نے مجھ سے کوئی بھلی بات نہیں کی۔ رسول اللہ ﷺ نے اس مسئلہ کو ناپسند فرمایا جس کے متعلق میں نے آپؐ سے پوچھا۔ عُوَیمرؓ نے سن کر کہا: اللہ کی قسم! میں باز نہیں آؤں گا جب تک کہ میں اس کے متعلق آپؐ سے نہ پوچھ لوں۔ عُوَیمرؓ چلے گئے یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچے جبکہ آپؐ لوگوں کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے۔ کہنے لگے: یا رسول اللہ! اس شخص کے متعلق آپؐ بتائیں جس نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی اور شخص کو پایا۔ اگر وہ اسے مار ڈالے تو آپ لوگ بھی اسے مار ڈالیں گے یا کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے متعلق اور تمہاری بیوی کے متعلق اللہ نے (حکم) نازل کیا ہے۔ اس لئے جاؤ اور اُس کو لے آؤ۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: پھر اُن دونوں نے لعان کیا اور میں لوگوں کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس موجود تھا۔ جب وہ دونوں لعان سے فارغ ہوئے۔ عُوَیمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے اس پر جھوٹ بولا اگر میں اس کو روکوں۔ پھر اس نے پیشتر اس کے کہ رسول اللہ ﷺ اس کو حکم دیتے، تین طلاقیں دے دیں۔ ابن شہاب کہتے تھے: پھر یہی لعان کرنے والوں کا دستور رہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5309
یحيٰ (بن جعفر) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق (بن ہمام) نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: مجھے ابن شہاب نے لعان کے متعلق اور اس کے کرنے کا جو طریقہ رائج ہوا، کے متعلق حضرت سہل بن سعدؓ کی حدیث کی بناء پر جو بنو ساعدہ میں سے تھے، نقل کرتے ہوئے بتایا کہ ایک انصاری شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یارسول اللہ! بھلا بتائیں ایک شخص اپنی بیوی کے ساتھ دوسرے شخص کو موجود پائے۔ آیا وہ اس کو مار ڈالے یا کیا کرے؟ تو اللہ نے اس کے متعلق وہ حکم نازل کیا جو قرآن میں ذکر کیا یعنی لعان کرنے والوں کے متعلق جو حکم ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ نے تمہارے متعلق اور تمہاری بیوی کے متعلق فیصلہ کر دیا ہے۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: ان دونوں نے مسجد میں ایک دوسرے پر لعان کیا اور میں اُس وقت موجود تھا۔ جب دونوں فارغ ہو چکے۔ عُوَیمرؓ کہنے لگے: یارسول اللہ! میں نے اس پر جھوٹ بولا اگر میں نے اس کو رکھا۔ یہ کہہ کر اس نے پیشتر اس کے کہ رسول اللہ ﷺ حکم دیتے اس عورت کو تین طلاقیں دے دیں۔ جب وہ دونوں لعان سے فارغ ہوئے تو اس نے نبی ﷺ کی موجودگی میں ہی اسے الگ کر دیا۔ حضرت سہلؓ نے کہا: اس سے لعان کرنے والوں کے درمیان جدائی ہونے لگی۔ ابن جریج نے کہا: ابن شہاب کہتے تھے: پھر ان دونوں کے بعد یہی دستور ہوگیا کہ لعان کرنے والوں کو جدا کر دیا جائے۔ اور وہ حاملہ تھی (اس نے بیٹا جنا) اور اُس کا بیٹا اپنی ماں کی طرف منسوب کرکے پکارا جاتا تھا۔ وہ کہتے تھے: پھر اس (لعان کرنے والی) کے میراث کے متعلق بھی یہی طریقہ جاری ہوا کہ وہ عورت بچے کی وارث ہوتی اور بچہ اس کا وارث ہوتا، اس حق کا جو اللہ نے اس کے لئے مقرر کیا۔ ابن جریج نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے اسی حدیث میں نقل کیا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر اس نے سرخ رنگ، پست قد جنا جیسے وحرہ (چھپکلی کی مانند ایک زہریلا جانور) ہے تو میں اس کے متعلق یہی سمجھوں گا کہ اُس عورت نے سچ بولا اور اُس شخص نے اُس کے متعلق جھوٹ کہا۔ اور اگر اس نے سیاہ رنگ کا بڑی آنکھوں والا اور بڑے سرینوں والا جنا تو میں اُس شخص کے متعلق یہی سمجھوں گا کہ اُس نے اُس عورت کے متعلق سچ کہا۔ چنانچہ اس نے ویسا ہی مکروہ شکل کا بچہ جنا۔ (جس سے اس شخص کو سچا سمجھا گیا۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 5310
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے، یحيٰ نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبد الرحمٰن نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس لعان کا ذکر کیا گیا تو حضرت عاصم بن عدیؓ نے اس کے متعلق ایک بات کہی اور (بات کرکے) واپس چلے گئے۔ پھر ان کے پاس انہی کی قوم کا ایک شخص آیا جو اُن سے شکایت کرنے لگا کہ اُس نے اپنی بیوی کے ساتھ دوسرے شخص کو پایا۔ حضرت عاصمؓ نے کہا: میں جو اس میں مبتلا ہوا ہوں تو محض اپنی بات کی وجہ سے۔ چنانچہ وہ اُس شخص کو نبی ﷺ کے پاس لے گئے اور اُس نے آپؐ کو اُس شخص کے متعلق بتایا جس کو اُس نے اپنی بیوی کے پاس پایا۔ یہ شخص زرد رنگ کا دبلا پتلا سیدھے بالوں والا تھا اور جس شخص کے برخلاف دعویٰ کیا تھا کہ (عُوَیمر) نے اُس کو اپنی بیوی کے پاس پایا تھا، وہ گندمی رنگ، موٹی پنڈلیوں والا، موٹا تھا۔ نبی ﷺ نے دعا کی: اے اللہ! اصل حقیقت کھول۔ چنانچہ وہ ایسا بچہ جنی جو اُس شخص کا ہمشکل تھا کہ جس کا ذکر اُس عورت کے خاوند نے کیا تھا کہ اُس نے اُس کو اپنی بیوی کے ساتھ پایا تھا۔ آخر نبی ﷺ نے ان کے درمیان لعان کرایا۔ ایک شخص نے حضرت ابن عباسؓ سے مجلس میں ہی کہا: کیا یہ وہی تھی جس کے متعلق نبی ﷺ نے فرمایا: اگر میں کسی کو بغیر کھلے ثبوت کے سنگسار کرتا تو اس عورت کو سنگسار کرتا۔ انہوں نے کہا: نہیں وہ ایک اور عورت تھی جو اسلام میں اعلانیہ بدکاری کرتی تھی۔ ابوصالح اور عبداللہ بن یوسف نے اپنی روایت میں خَدْلًا کی بجائے خَدِلًا کہا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah