کتاب 2: باب إِذَا طُلِّقَتِ الْحَائِضُ يُعْتَدُّ بِذَلِكَ الطَّلاَقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5252
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے انس بن سیرین سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: حضرت ابن عمرؓ نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی جبکہ وہ حائضہ تھی تو حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو واپس کرے۔ (انس بن سیرین کہتے تھے کہ) میں نے کہا: کیا وہ شمار ہو گی؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا : چپ رہو۔ اور قتادہ سے مروی ہے کہ اُنہوں نے یونس بن جبیر سے، یونس نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اس میں یوں ہے، آپؐ نے فرمایا: اس سے کہو کہ وہ اس کو واپس کرے۔ (یونس بن جبیر کہتے تھے کہ) میں نے کہا: کیا وہ شمار کی جائے گی؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: بھلا بتاؤ کہ تب بھی کہ جب وہ کسی فرض کو ادا نہ کر سکا ہو اور احمق بنا ہو۔
صحیح بخاری 5253
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا کہ ایوب (سختیانی) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میرے لئے ایک طلاق شمار کی گئی تھی۔