کتاب 3: باب مَنْ طَلَّقَ وَهَلْ يُوَاجِهُ الرَّجُلُ امْرَأَتَهُ بِالطَّلاَقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5254
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ ولید (بن مسلم) نے ہمیں بتایا کہ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہری سے پوچھا: نبی ﷺ کی ازواج میں سے کس نے آپؐ سے پناہ مانگی تھی؟ زہری نے کہا: مجھے عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ جَون کی بیٹی کو جب رسول اللہ ﷺ کے پاس رخصت کیا گیا اور آپؐ اس کے قریب گئے وہ کہنے لگی: میں آپؐ سے اللہ کی پناہ مانگتی ہوں۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: تم نے بہت ہی بڑے کی پناہ لی ہے۔ جاؤ اپنے رشتہ داروں سے جا ملو۔ ابوعبداللہ نے کہا: اس حدیث کو حجاج بن (یوسف بن) ابی منیع نے بھی اپنے دادا (ابومنیع عبیداللہ بن ابی زیاد) سے، اُن کے دادا نے زہری سے روایت کی کہ عروہ نے ان کو بتایا کہ حضرت عائشہؓ نے کہا۔
صحیح بخاری 5255
ابونعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن غسیل (بن سلیمان بن عبداللہ بن حنظلہ انصاری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حمزہ بن ابی اُسید سے، حمزہ نے حضرت ابواُسید رضی اللہ عنہ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ نکلے اور ایک باغ کو چلے گئے جسے شوط کہتے تھے۔ ہم دو باغوں میں پہنچ کر اُن دونوں کے درمیان بیٹھ گئے نبی ﷺ نے فرمایا: یہاں بیٹھ جاؤ اور آپؐ باغ میں گئے اور وہاں آپؐ کے پاس جَون قبیلے کی ایک عورت لائی گئی تھی اور اُسے ایک گھر میں جو کھجور کے باغ میں تھا ٹھہرایا گیا تھا یعنی اُمیمہ بنت نعمان بن شراحیل کے گھر میں، اور اُس عورت کے ساتھ اُس کی دایہ بھی تھی جو اُس کی کھلائی تھی۔ جب نبی ﷺ اُس کے پاس گئے آپؐ نے فرمایا: تم اپنے آپ کو مجھے ہبہ کردو۔ وہ بولی: کیا بادشاہ زادی بھی اپنے تئیں بازاریوں کو ہبہ کیا کرتی ہے؟ راوی نے کہا: آپؐ نے اپنا ہاتھ بڑھایا کہ اس پر اپنا ہاتھ رکھیں تا کہ اس کی گھبراہٹ دور ہو۔ وہ کہنے لگی: تم سے اللہ کی پناہ مانگتی ہوں۔ آپؐ نے یہ سن کر فرمایا: تم نے ایک ایسے کی پناہ لی ہے جس کی پناہ لی جاتی ہے اور یہ کہہ کر آپؐ ہمارے پاس باہر آگئے اور فرمایا: ابواُسیدؓ اِس کو ایک رازقی جوڑا پہننے کے لئے دو اور اِس کے گھر والوں کے پاس اِس کو پہنچا دو۔
صحیح بخاری 5256
اور حسین بن ولید نیشا پوری نے کہا: اُنہوں نے عبدالرحمٰن (بن غسیل) سے، عبدالرحمٰن نے عباس بن سہل سے، عباس نے اپنے باپ (حضرت سہل بن سعدؓ) اور حضرت ابواُسیدؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا، اُن دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے اُمیمہ بنت شراحیل سے شادی کی تھی۔ جب اس کو آپؐ کے پاس رخصت کیا گیا، آپؐ نے اپنا ہاتھ اس کی طرف بڑھایا تو ایسا معلوم ہوا کہ جیسے اس نے اس کو ناپسند کیا ہے۔ یہ دیکھ کر آپؐ نے حضرت ابواُسیدؓ کو حکم دیا کہ اُس کے لئے سامانِ سفر تیار کریں اور ایک سفید کتانی جوڑا پہننے کے لئے بھی دیں۔ عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن ابی الوزیر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن (بن غسیل) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حمزہ بن ابی اُسید سے، حمزہ نے اپنے باپ سے روایت کی۔ نیز (عبد الرحمٰن نے) عباس بن سہل بن سعد سے اور اُنہوں نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا۔
صحیح بخاری 5257

صحیح بخاری 5258
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو غلاب یونس بن جبیر سے روایت کی، وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمر ؓ سے کہا: ایک آدمی نے اپنی بیوی کو ایسے وقت میں طلاق دے دی ہو جبکہ وہ حائضہ ہے؟ تو اُنہوں نے کہا: کیا تم ابن عمر ؓ کو جانتے ہو؟ ابن عمر ؓ نے بھی اپنی بیوی کو ایسے وقت میں طلاق دے دی تھی جب وہ حائضہ تھی۔ اس پر حضرت عمر ؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے یہ ذکر کیا تو آپؐ نے اُن کو حکم دیا کہ وہ اُس کو واپس لے لے۔ جب وہ حیض سے پاک ہو اور اُس کو طلاق دینا چاہے تو پھر اُس کو طلاق دے۔ (یونس کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن عمر ؓ سے پوچھا: کیا آپؐ نے اُس کو طلاق شمار کیا ؟ تو اُنہوں نے کہا: بھلا بتلاؤ تو سہی کہ تب بھی اگر وہ عاجز ہو اور احمق بنے۔