کتاب 12: باب الْخُلْعِ وَكَيْفَ الطَّلاَقُ فِيهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5273
اَزہر بن جمیل نے ہمیں بتایا کہ عبدالوہاب ثقفی نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (حذاء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) ثابت بن قیسؓ کی بیوی نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! ثابت بن قیسؓ پر میں کسی اخلاق یا دین کی وجہ سے ناراضگی کا اظہار نہیں کرتی لیکن میں مسلمان رہ کر خاوند کی ناشکر گزاری کو ناپسند کرتی ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم اُسے اُس کا باغ واپس کر دو گی؟ اُس نے کہا: ہاں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: باغ کو لے لو اور اُسے طلاق دے دو۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: (اَزہر بن جميل) کی حضرت ابن عباسؓ کے بارے میں متابعت نہیں کی گئی۔
صحیح بخاری 5274
اسحاق (بن شاہین) واسطی نے مجھ سے بیان کیا کہ خالد (بن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے، حذاء نے عکرمہ سے روایت کی۔ (وہ کہتے تھے:) عبداللہ بن اُبیّ کی بہن (آپؐ کے پاس آئی۔) پھر یہی واقعہ بیان کیا۔ اور آپؐ نے فرمایا: کیا تم اس کا باغ واپس کرو گی؟ اس نے کہا: ہاں۔ چنانچہ اس نے اس کو وہ (باغ) واپس دے دیا اور آپؐ نے اس کو حکم دیا کہ اسے طلاق دے دو۔ اور ابراہیم بن طہمان نے خالد (حذاء) سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے نبی ﷺ سے روایت کی (اور اس میں یوں ہے: آپؐ نے فرمایا: اس کو طلاق دے دو۔
صحیح بخاری 5275
اور (ابن طہمان نے اس حدیث کو) ایوب بن ابی تمیمہ (سختیانی) سے روایت کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، انہوں نے کہا کہ ثابت بن قیسؓ کی بیوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں ثابتؓ پر دین یا اَخلاق کی وجہ سے ناراضگی کا اظہار نہیں کرتی مگر میں اس کے ساتھ گزارہ نہیں کر سکتی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم اُس کو اُس کا باغ واپس کر دوگی؟ اُس نے کہا: ہاں۔
صحیح بخاری 5276
محمد بن عبداللہ بن مبارک مُخَرمی نے ہمیں بتایا کہ قُراد ابو نوح نے ہم سے بیان کیا۔ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ثابت بن قیس بن شماسؓ کی بیوی نبی ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں ثابتؓ (بن قیس) سے دین یا کسی اَخلاق کی وجہ سے ناراض نہیں مگر میں یہ ڈرتی ہوں کہ کہیں ناشکرگزار نہ بنوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تم اُس کو اُس کا باغ واپس کر دو گی؟ اُس نے کہا: ہاں۔ چنانچہ اُس نے اُس کو وہ (باغ) واپس دے دیا اور آپؐ نے ثابتؓ کو حکم دیا اور اُس نے اُس کو چھوڑ دیا۔
صحیح بخاری 5277
سلیمان (بن حرب) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عکرمہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) جمیلہ (آپؐ کے پاس آئی۔) اور پھر سارا واقعہ بیان کیا۔