کتاب 15: باب خِيَارِ الأَمَةِ تَحْتَ الْعَبْدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5280
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ اور ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے اس کو یعنی بریرہؓ کے خاوند کو دیکھا کہ وہ غلام تھا۔
صحیح بخاری 5281
عبد الاعلیٰ بن حماد نے ہمیں بتایا کہ وہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یہ یعنی بریرہؓ کا خاوند مغیث تھا جو فلاں لوگوں کا غلام تھا۔ مجھے ایسا یاد ہے جیسا کہ میں اُس کو دیکھ رہا ہوں۔ وہ بریرہؓ کے پیچھے مدینہ کی گلیوں میں اُس کے لئے روتا جاتا تھا۔
صحیح بخاری 5282
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بریرہؓ کا خاوند حبشی غلام تھا۔ اسے مغیث کہتے تھے۔ وہ فلاں لوگوں کا غلام تھا۔ مجھے ایسا یاد ہے کہ گویا میں اس کو دیکھ رہا ہوں کہ وہ بریرہؓ کے پیچھے پیچھے مدینہ کی گلیوں میں چکر لگا رہا تھا۔