کتاب 19: باب نِكَاحِ مَنْ أَسْلَمَ مِنَ الْمُشْرِكَاتِ وَعِدَّتِهِنَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5286
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی اور عطاء نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہوئے کہا: مشرک دو طرح کے تھے جن سے نبی ﷺ اور مومنوں کو واسطہ پڑا۔ ایک حربی مشرک تھے جن سے نبی ﷺ جنگ کرتے تھے۔ اور وہ نبی ﷺ سے لڑتے تھے۔ ایک وہ مشرک جنہوں نے عہد کئے تھے کہ آپؐ ان سے نہ لڑیں اور وہ آپؐ سے نہ لڑیں۔ اور جب حربی مشرکوں سے کوئی عورت (خاوند چھوڑ کر) آ جاتی تو جب تک اُسے حیض نہ آتا اور وہ پاک نہ ہو جاتی اس وقت تک اُس کو پیغامِ نکاح نہ دیا جاتا۔ اور جب وہ پاک ہو جاتی تو اُس سے نکاح جائز ہو جاتا۔ اور اگر نکاح کرنے سے پہلے اُس کا خاوند بھی ہجرت کرکے آ جاتا تو وہ اُس کو واپس دے دی جاتی۔ اور اگر اُن میں سے کوئی غلام یا لونڈی ہجرت کرکے آتی تو وہ آزاد ہو جاتے۔ اور اُن کے وہی حقوق ہوتے جو اور مہاجروں کے تھے۔ پھر عطاء نے اُن مشرکوں کا جن سے عہد و پیمان تھے، ذکر اسی طرح کیا جس طرح مجاہد کی حدیث میں ہے۔ یعنی اگر عہد و پیمان کرنے والے مشرکوں کا غلام یا لونڈی ہجرت کرکے آتا تو وہ اُن کو واپس نہ کئے جاتے اور اُن کی قیمتیں اُن کو دے دی جاتیں۔
صحیح بخاری 5287
اور عطاء نے حضرت ابن عباسؓ سے نقل کیا کہ قَرِیبہ، ابواُمیہ کی بیٹی حضرت عمر بن خطابؓ کے پاس تھی تو انہوں نے اُس کو طلاق دے دی۔ پھر معاویہ بن ابی سفیانؓ نے اُس سے نکاح کیا۔ اور امّ حَکَم، ابوسفیان کی بیٹی عیاض بن غنم فِہری کے نکاح میں تھی اور انہوں نے اُس کو طلاق دے دی اور عبداللہ بن عثمان ثقفی نے اُس سے نکاح کر لیا۔