کتاب 20: باب إِذَا أَسْلَمَتِ الْمُشْرِكَةُ أَوِ النَّصْرَانِيَّةُ تَحْتَ الذِّمِّيِّ أَوِ الْحَرْبِيِّ.
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5288
یحيٰ بن بُکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے۔ اور ابراہیم بن منذر نے یوں کہا کہ ابن وہب نے مجھ سے بیان کیا کہ یونس نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نبی ﷺ کی زوجہ کہتی تھیں: مومن عورتیں جب نبی ﷺ کے پاس ہجرت کر کے آئیں تو آپؐ اللہ تعالیٰ کے اس قول سے اُن کی آزمائش کرتے: اے مومنو! جب تمہارے پاس مومن عورتیں ہجرت کر کے آئیں، تو اُن کو اچھی طرح آزما لیا کرو۔ اللہ اُن کے ایمان کو خوب جانتا ہے لیکن اگر تم بھی جان لو کہ وہ مومن عورتیں ہیں تو اُن کو کافروں کی طرف مت لوٹاؤ۔ نہ وہ اُن (کافروں) کے لیے جائز ہیں اور نہ وہ (کافر) اُن (عورتوں) کے لیے جائز ہیں۔ اور چاہیے کہ کفار نے جو اُن (عورتوں کے نکاح) پر خرچ کیا ہو وہ اُن کو واپس کر دو۔ اور (جب تم اُن عورتوں کو کفار سے فارغ کروا لو تو) اُن کے معاوضے (یعنی مہر) ادا کرنے کی صورت میں اگر تم اُن سے شادی کر لو تو تم پر کوئی اعتراض نہیں اور کافر عورتوں کے ننگ و ناموس کو قبضہ میں نہ رکھو اور جو کچھ تم نے اُن پر خرچ کیا ہے (اگر وہ بھاگ کر کفار کی طرف چلی جائیں تو) کفار سے مانگو۔ اور (اگر کفار کی بیویاں مسلمان ہو کر مسلمانوں سے آ ملیں تو) جو کچھ انہوں نے (اپنے نکاحوں پر) خرچ کیا ہے مسلمانوں سے مانگیں۔ یہ تمہیں اللہ کا ارشاد ہے۔ وہ تمہارے درمیان فیصلہ کرتا ہے۔ اور اللہ جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: جو مومن عورتیں اس شرط کا اقرار کر لیتیں تو گویا وہ امتحان میں پوری اترتیں۔ جب وہ اپنے قول سے اس کا اقرار کر لیتیں تو رسول اللہ ﷺ اُن سے فرماتے: تم چلی جاؤ۔ میں نے تم سے بیعت لے لی۔ اللہ کی قسم! ہرگز نہیں، رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ نے کبھی کسی عورت کے ہاتھ کو نہیں چُھوا لیکن آپؐ زبانی الفاظ سے ہی بیعت لیتے تھے۔ اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے عورتوں سے صرف انہی باتوں کا عہد لیا جن کے متعلق اللہ نے آپؐ کو حکم دیا۔ جب آپؐ اُن سے اقرار لے لیتے تو آپؐ اُن سے زبانی الفاظ میں یوں فرماتے: میں نے تم سے بیعت لے لی۔