کتاب 21: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {لِلَّذِينَ يُؤْلُونَ مِنْ نِسَائِهِمْ تَرَبُّصُ أَرْبَعَةِ أَشْهُرٍ} إِلَى قَوْلِهِ: {سَمِيعٌ عَلِيمٌ} {فَإِنْ فَاءُوا} رَجَعُوا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5289
اِسماعیل بن ابی اُوَیس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے بھائی (عبدالحمید بن ابی اُوَیس) سے، عبدالحمید نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے حُمَید طویل سے، حُمَید نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی بیویوں کے پاس نہ جانے کی قسم کھائی اور آپؐ کے پاؤں میں موچ آ گئی تھی تو آپؐ اپنے ایک بالا خانے میں اُنتیس دن تک رہے۔ پھر اس کے بعد اُترے۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے مہینہ کی قسم کھائی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: مہینہ اُنتیس دن کا بھی ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 5290
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی۔ (وہ کہتے تھے:) حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما اس ایلاء کے متعلق کہتے تھے جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا ہے کہ مدت گزرنے کے بعد کسی کے لئے کوئی بات درست نہیں سوائے اس کے کہ اُس کو دستور کے مطابق بھلائی سے رکھے یا طلاق کا قطعی فیصلہ کرے جیسا کہ اللہ عزّوجل نے حکم دیا ہے۔
صحیح بخاری 5291
اور مجھ سے اسماعیل (بن ابی اُوَیس) نے کہا کہ مالک نے نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ جب چار مہینے گزر جائیں تو مرد کو (پکڑ کر) مجبور کیا جائے کہ وہ طلاق دے، اور جب تک وہ طلاق نہ دے گا طلاق نہ ہوگی۔ اور حضرت عثمانؓ، حضرت علیؓ، حضرت ابودرداءؓ، حضرت عائشہؓ اور نبی ﷺ کے صحابہ میں سے بارہ اور اشخاص سے یہی بیان کیا جاتا ہے۔