کتاب 29: باب اللِّعَانِ وَمَنْ طَلَّقَ بَعْدَ اللِّعَانِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5308
اسماعیل (بن ابی اُوَیس) نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ نے انہیں بتایا کہ عُوَیمر عجلانیؓ عاصم بن عدی انصاریؓ کے پاس آئے اور اُن سے کہنے لگے: عاصمؓ ! بتاؤ تو سہی ایک شخص نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی شخص کو پایا ہے۔ آیا اگر وہ اُس کو مار ڈالے تو پھر تم بھی اُس کو مار ڈالو گے یا وہ کیا کرے؟ عاصمؓ ! میرے لئے اس کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے پوچھ لو۔ چنانچہ عاصمؓ نے اُس کے متعلق رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ رسول اللہ ﷺ نے ایسے مسائل کو برا منایا اور اسے معیوب گردانا یہاں تک کہ عاصمؓ پر جو انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، دوبھر گزرا۔ جب عاصمؓ اپنے گھر والوں کے پاس لوٹے، اُن کے پاس عُوَیمرؓ آئے اور کہنے لگے: عاصمؓ ! رسول اللہ ﷺ نے آپ سے کیا فرمایا ؟ عاصمؓ نے عُوَیمرؓ سے کہا: تم نے مجھ سے کوئی بھلی بات نہیں کی۔ رسول اللہ ﷺ نے اس مسئلہ کو ناپسند فرمایا جس کے متعلق میں نے آپؐ سے پوچھا۔ عُوَیمرؓ نے سن کر کہا: اللہ کی قسم! میں باز نہیں آؤں گا جب تک کہ میں اس کے متعلق آپؐ سے نہ پوچھ لوں۔ عُوَیمرؓ چلے گئے یہاں تک کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچے جبکہ آپؐ لوگوں کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے۔ کہنے لگے: یا رسول اللہ! اس شخص کے متعلق آپؐ بتائیں جس نے اپنی بیوی کے ساتھ کسی اور شخص کو پایا۔ اگر وہ اسے مار ڈالے تو آپ لوگ بھی اسے مار ڈالیں گے یا کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے متعلق اور تمہاری بیوی کے متعلق اللہ نے (حکم) نازل کیا ہے۔ اس لئے جاؤ اور اُس کو لے آؤ۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: پھر اُن دونوں نے لعان کیا اور میں لوگوں کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس موجود تھا۔ جب وہ دونوں لعان سے فارغ ہوئے۔ عُوَیمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے اس پر جھوٹ بولا اگر میں اس کو روکوں۔ پھر اس نے پیشتر اس کے کہ رسول اللہ ﷺ اس کو حکم دیتے، تین طلاقیں دے دیں۔ ابن شہاب کہتے تھے: پھر یہی لعان کرنے والوں کا دستور رہا۔