کتاب 33: باب قَوْلِ الإِمَامِ لِلْمُتَلاَعِنَيْنِ إِنَّ أَحَدَكُمَا كَاذِبٌ فَهَلْ مِنْكُمَا تَائِبٌ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5312
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: میں نے سعید بن جُبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ میں نے حضرت ابن عمرؓ سے لعان کرنے والوں کے متعلق پوچھا۔ تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے لعان کرنے والوں کے متعلق فرمایا: تم دونوں کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔ تم میں سے ایک جھوٹا ہے۔ اب تمہارا اس سے کوئی سروکار نہیں۔ اُس نے کہا: میرا مال مجھے ملنا چاہیے۔ آپؐ نے فرمایا: تمہارا کوئی مال نہیں، اگر تم نے اس کے متعلق سچ کہا ہے تو تم اُس کی عصمت سے فائدہ بھی تو اُٹھا چکے ہو۔ اگر تم نے اس کے متعلق جھوٹ بولا ہے تو پھر وہ (مال) تمہارے لئے تو بہت ہی دور ہے۔ سفیان نے کہا: میں نے یہ حدیث عمرو سے (سن کر) یاد رکھی۔ اور ایوب (سختیانی) نے کہا: میں نے سعید بن جُبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا۔ ایک شخص نے اپنی بیوی سے لعان کیا ہو۔ انہوں نے اپنی دونوں انگلیوں سے اشارہ کیا اور سفیان نے اپنی دونوں انگلیاں یعنی شہادت کی انگلی اور درمیانی انگلی کو الگ کیا یعنی نبی ﷺ نے بنو عجلان میں سے مرد عورت کو جدا کیا اور فرمایا: اللہ جانتا ہے کہ تم میں سے ایک ضرور جھوٹا ہے تو پھر کیا تم میں سے کوئی توبہ کرنے والا ہے؟ تین بار یوں فرمایا۔ سفیان نے کہا: میں نے اس (حدیث) کو عمرو اور ایوب سے اسی طرح یاد رکھا ہے جیسا کہ میں نے تم کو بتایا۔