کتاب 39: بَابُ: {وَأُولاَتُ الأَحْمَالِ أَجَلُهُنَّ أَنْ يَضَعْنَ حَمْلَهُنَّ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5318
یحيٰ بن بُکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے عبدالرحمٰن بن ہُرمُز اَعرج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے بتایا کہ زینب بنت ابی سلمہ نے ان کو اپنی ماں حضرت امّ سلمہؓ نبی ﷺ کی زوجہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ اسلم (قبیلہ) کی ایک عورت جسے سُبَیعہؓ کہتے تھے اپنے خاوند کے پاس تھی جو اس کو چھوڑ کر ایسے وقت میں فوت ہوا کہ وہ حاملہ تھی۔ اور ابوسنابل بن بَعکَک نے اس کو نکاح کا پیغام بھیجا۔ اس نے اس کے ساتھ نکاح کرنے سے انکار کر دیا۔ ابوسنابل کہنے لگا: بخدا یہ درست نہیں کہ تم نکاح کرو جب تک کہ تم دونوں عدتوں سے جو عدت زیادہ لمبی ہے وہ نہ گزار لو۔ (یہ سن کر) وہ تقریباً دس رات ٹھہری رہی۔ اس کے بعد نبی ﷺ کے پاس آئی۔ آپؐ نے فرمایا: نکاح کر لو۔
صحیح بخاری 5319
یحيٰ بن بُکیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے لیث (بن سعد) سے، لیث نے یزید (بن ابی حبیب) سے روایت کی کہ ابن شہاب نے ان کو لکھا کہ عبیداللہ بن عبداللہ نے ان کو اپنے باپ سے روایت کرتے بتایا کہ انہوں نے (عمر بن عبداللہ) بن ارقم کو لکھا کہ وہ سُبَیعہ اسلمیہؓ سے پوچھیں کہ نبی ﷺ نے اس کو کیا فتویٰ دیا تھا ؟ تو سُبَیعہ نے کہا: آپؐ نے مجھے یہ فتویٰ دیا تھا کہ جب وضعِ حمل ہو جائے، نکاح کر لوں۔
صحیح بخاری 5320
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت مِسور بن مَخرمہؓ سے روایت کی کہ سُبَیعہ اسلمیہؓ کے ہاں بچے کی ولادت اس کے خاوند کی وفات کے چند رات بعد ہوئی، اور وہ نبی ﷺ کے پاس آئی اور آپؐ سے نکاح کرنے کی اجازت مانگی اور آپؐ نے اس کو اجازت دی اور اس نے نکاح کیا۔