کتاب 44: بَابُ: {وَبُعُولَتُهُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5330
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (ثقفی) نے ہمیں خبر دی۔ یونس (بن عبید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسن (بصری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت مَعْقل (بن یسارؓ) نے اپنی بہن کی شادی کی تو پھر اس (کے خاوند) نے اس کو ایک (دفعہ) طلاق دیدی۔
صحیح بخاری 5331
نیز مجھے محمد بن مثنیّٰ نے بتایا کہ ہم سے عبدالاعلیٰ (بن عبدالاعلیٰ) نے بیان کیا کہ ہمیں سعید (بن ابی عروبہ) نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حسن (بصری) نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت معقل بن یسارؓ کی بہن ایک شخص کے نکاح میں تھی۔ پھر اس نے اس کو طلاق دے دی اور اس سے الگ رہا۔ جب اس کی عدت پوری ہو چکی تو پھر اس کے بعد اس نے اس کو نکاح کا پیغام بھیجا۔ حضرت معقلؓ کو اس سے غیرت کی وجہ سے غصہ آیا اور کہنے لگے کہ جبکہ وہ اُس سے رجوع کرنے پر قادر تھا تو اس وقت اس کو چھوڑ دیا۔ پھر (عدت گزرنے کے بعد) اب اس کو نکاح کا پیغام بھیجا۔ اس لئے حضرت معقلؓ اس کے خاوند اور اپنی بہن کے درمیان روک بن گئے۔ اس لئے اللہ نے یہ حکم نازل کیا: اور جب تم عورتوں کو طلاق دو اور وہ اپنی عدت کو پورا کر لیں تو تم انہیں جبکہ وہ نیک طریق پر باہم رضا مند ہو جائیں اپنے خاوندوں کے ساتھ نکاح کر لینے سے مت روکو… اس پر رسول اللہ ﷺ نے حضرت معقلؓ کو بلایا اور ان کے سامنے یہ آیت پڑھی۔ یہ سن کر انہوں نے جوش چھوڑ دیا اور اللہ کے حکم کے سامنے سر جھکایا۔
صحیح بخاری 5332
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر بن خطاب رضی اللہ عنہما نے اپنی بیوی کو ایک ہی دفعہ طلاق دی اور وہ اس وقت حائضہ تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے اُن کو حکم دیا کہ وہ اُس کو واپس لے آئے اور پھر اُس کو اُس وقت تک رکھے جب تک کہ پاک نہ ہو جائے۔ اور پھر اس کے پاس ایک دفعہ اور حیض آئے۔ پھر اس کے بعد اس کو رہنے دے یہاں تک کہ وہ اپنے حیض سے پاک ہو جائے۔ پھر اگر اس کو طلاق دینا چاہے تو جب وہ پاک ہو جائے اس سے جماع کرنے سے پہلے اس کو طلاق دے۔ یہی وہ عدت ہے جس کے متعلق اللہ نے حکم دیا کہ اس پر عورتوں کو طلاق دی جائے۔ اور حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے جب اس کے متعلق پوچھا جاتا تو ان میں سے کسی کو کہتے: اگر تم نے اس کو تین طلاقیں دے دی ہیں تو جب تک کہ وہ کسی اور خاوند سے نکاح نہ کر لے وہ تم پر حرام ہے۔ اور (قتیبہ کے سوا) اور لوگوں نے لیث سے روایت کرتے ہوئے اتنا زیادہ بیان کیا کہ نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابن عمرؓ نے فرمایا: اگر تم ایک بار یا دو بار طلاق دو (تو تم رجوع کر سکتے ہو) کیونکہ نبی ﷺ نے مجھے یہی حکم دیا۔