کتاب 51: باب مَهْرِ الْبَغِيِّ وَالنِّكَاحِ الْفَاسِدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5346
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے ابوبکر بن عبدالرحمٰن سے، ابوبکر نے حضرت ابومسعود (انصاری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کتے کی قیمت اور کاہن کی شیرینی اور رنڈی کی خرچی سے روکا۔
صحیح بخاری 5347
آدم (بن ابی ایاس) نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ عون بن ابی جُحَیفہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے گودنے اور گدوانے والی اور سود خور اور سود کھلانے والے پر لعنت کی۔ اور کتے کی قیمت اور رنڈی کی کمائی سے روکا۔ اور تصویر بنانے والوں پر لعنت کی۔
صحیح بخاری 5348
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن جُحادہ سے، محمد نے ابوحازم (سلمان اشجعی) سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے لونڈیوں کی (حرام) کمائی سے روکا۔