کتاب 69: كتاب النفقات

صحیح بخاری, حصہ 2

صحیح بخاری 5371

یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایسے شخص کا جنازہ لایا جاتا جو ایسی حالت میں فوت ہو جاتا کہ اس کے ذمہ قرض ہوتا تو آپؐ پوچھتے: کیا اس نے اپنے قرض کے ادا کرنے کے لئے کوئی جائیداد چھوڑی ہے؟ اگر آپؐ کو بتایا جاتا کہ اس نے قرض کے ادا کرنے کے لیے جائیداد چھوڑی ہے تو آپؐ اُس کا جنازہ پڑھتے ورنہ مسلمانوں سے فرماتے: تم اپنے ساتھی پر نمازِ جنازہ پڑھو۔ جب اللہ نے آپؐ کو فتوحات دیں تو آپؐ نے فرمایا: میں مومنوں سے ان کی ذات سے بڑھ کر تعلق رکھتا ہوں۔ سو مومنوں میں سے جو فوت ہو اور وہ قرض چھوڑ جائے تو اُس قرض کا ادا کرنا میرے ذمے ہے۔ اور جو جائیداد چھوڑ جائے تو وہ اُس کے وارثوں کی ہے۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كَانَ يُؤْتَى بِالرَّجُلِ الْمُتَوَفَّى عَلَيْهِ الدَّيْنُ فَيَسْأَلُ " هَلْ تَرَكَ لِدَيْنِهِ فَضْلاً ". فَإِنْ حُدِّثَ أَنَّهُ تَرَكَ وَفَاءً صَلَّى وَإِلاَّ قَالَ لِلْمُسْلِمِينَ " صَلُّوا عَلَى صَاحِبِكُمْ ". فَلَمَّا فَتَحَ اللَّهُ عَلَيْهِ الْفُتُوحَ قَالَ " أَنَا أَوْلَى بِالْمُؤْمِنِينَ مِنْ أَنْفُسِهِمْ فَمَنْ تُوُفِّيَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ فَتَرَكَ دَيْنًا فَعَلَىَّ قَضَاؤُهُ وَمَنْ تَرَكَ مَالاً فَلِوَرَثَتِهِ ".

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

صحیح بخاری 5372

یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) مجھے عروہ (بن زبیر) نے خبر دی کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت امّ حبیبہؓ نبی ﷺ کی زوجہ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ میری بہن ابوسفیان کی بیٹی سے نکاح کر لیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم یہ پسند کرتی ہو؟ میں نے کہا: ہاں۔ میں آپؐ کے لئے اکیلی تو رہنے کی نہیں اور مجھے یہ زیادہ پسند ہے کہ جو بھلائی میں میرا شریک ہو وہ میری بہن ہو۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو میرے لئے جائز نہیں۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم! ہم تو آپس میں باتیں کرتے ہیں کہ آپؐ ابوسلمہؓ کی بیٹی دُرّہ سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: امّ سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! اگر وہ میری پرورش میں میری ربیبہ نہ بھی ہوتی تب بھی وہ میرے لئے جائز نہ تھی کیونکہ وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ ثویبہ نے مجھے اور ابوسلمہؓ کو دودھ پلایا تھا۔ تم اپنی بیٹیاں مجھے پیش نہ کیا کرو اور نہ ہی اپنی بہنیں۔ شعیب نے زُہری سے نقل کیا کہ عروہ نے کہا: ثویبہ کو ابولہب نے آزاد کردیا تھا۔

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ أَخْبَرَنِي عُرْوَةُ أَنَّ زَيْنَبَ ابْنَةَ أَبِي سَلَمَةَ أَخْبَرَتْهُ أَنَّ أُمَّ حَبِيبَةَ زَوْجَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَتْ قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ انْكِحْ أُخْتِي ابْنَةَ أَبِي سُفْيَانَ. قَالَ " وَتُحِبِّينَ ذَلِكَ ". قُلْتُ نَعَمْ لَسْتُ لَكَ بِمُخْلِيَةٍ وَأَحَبُّ مَنْ شَارَكَنِي فِي الْخَيْرِ أُخْتِي. فَقَالَ " إِنَّ ذَلِكَ لاَ يَحِلُّ لِي ". فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ فَوَاللَّهِ إِنَّا نَتَحَدَّثُ أَنَّكَ تُرِيدُ أَنْ تَنْكِحَ دُرَّةَ ابْنَةَ أَبِي سَلَمَةَ. فَقَالَ " ابْنَةَ أُمِّ سَلَمَةَ ". فَقُلْتُ نَعَمْ. قَالَ "فَوَاللَّهِ لَوْ لَمْ تَكُنْ رَبِيبَتِي فِي حَجْرِي مَا حَلَّتْ لِي إِنَّهَا ابْنَةُ أَخِي مِنَ الرَّضَاعَةِ أَرْضَعَتْنِي وَأَبَا سَلَمَةَ ثُوَيْبَةُ فَلاَ تَعْرِضْنَ عَلَىَّ بَنَاتِكُنَّ وَلاَ أَخَوَاتِكُنَّ ". وَقَالَ شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ عُرْوَةُ ثُوَيْبَةُ أَعْتَقَهَا أَبُو لَهَبٍ.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

آج 10 میں سے 10 باقی