کتاب 3: باب حَبْسِ نَفَقَةِ الرَّجُلِ قُوتَ سَنَةٍ عَلَى أَهْلِهِ، وَكَيْفَ نَفَقَاتُ الْعِيَالِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5357
محمد بن سلام (بیکندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سفیان) بن عیینہ سے۔ ابن عیینہ نے کہا کہ مجھ سے معمر نے روایت کی۔ معمر کہتے ہیں: (سفیان) ثوری نے مجھ سے پوچھا: کیا تم نے ایسے شخص کے متعلق کچھ سنا ہے کہ جو اپنے بیوی بچوں کے لئے ان کے ایک سال کا یا ایک سال سے کم کا خرچ جمع رکھتا ہے؟ معمر نے کہا: مجھے کوئی حدیث یاد نہیں۔ پھر اس کے بعد مجھ کو وہ حدیث یاد آئی جو ابن شہاب زہری نے ہمیں مالک بن اوس سے، مالک نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بتائی کہ نبی ﷺ بنو نضیر کے کھجوروں کے باغ بیچا کرتے تھے اور اپنے گھر والوں کے لئے ان کے ایک سال کا خرچ رکھ لیتے تھے۔
صحیح بخاری 5358
سعید بن عُفَیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ لیث (بن سعد) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عُقَیل نے مجھے بتایا۔ عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: مجھے مالک بن اَوس بن حدثان نے بتایا۔ اور محمد بن جبیر بن مطعم نے بھی مجھ سے مالک کی حدیث کا کچھ ذکر کیا۔ میں سن کر چلا گیا اور مالک بن اوس کے پاس پہنچا اور اُن سے پوچھا۔ مالک نے کہا: میں چلا گیا اور حضرت عمرؓ کے پاس پہنچا۔ اتنے میں ان کا دربان یرفا اُن کے پاس آیا اور کہنے لگا: کیا آپ حضرت عثمانؓ، حضرت عبدالرحمٰنؓ، حضرت زبیرؓ اور حضرت سعد (بن ا بی وقاصؓ) سے ملنا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ اندر آنے کی اجازت مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ہاں اور پھر اُس نے اُن کو اندر آنے کی اجازت دی۔ مالک کہتے تھے کہ وہ اندر آئے اور انہوں نے سلام کیا اور بیٹھ گئے۔ اس کے بعد یرفا تھوڑی دیر ہی ٹھہرا تھا کہ اُس نے حضرت عمرؓ سے کہا: کیا آپ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ سے ملنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ چنانچہ اس نے ان کو اندر آنے کی اجازت دی۔ وہ دونوں اندر آئے، سلام کیا اور بیٹھ گئے۔ حضرت عباسؓ نے کہا: امیر المؤمنین! میرے اور ان کے درمیان فیصلہ کیجئے۔ دوسرے لوگوں نے یعنی حضرت عثمانؓ اور اُن کے ساتھیوں نے بھی کہا: امیر المؤمنین! ان دونوں کے درمیان فیصلہ کیجئے اور ایک کو دوسرے سے آرام دیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: ٹھہرو۔ میں تم کو اسی اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ جس کے حکم سے آسمان اور زمین قائم ہیں۔ کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا وارث کوئی نہیں، جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہوگا۔ اس سے رسول اللہ ﷺ کی مراد خود اپنے آپ سے ہی تھی۔ اُن لوگوں نے کہا: بے شک آپؐ نے یہ فرمایا۔ اس پر حضرت عمرؓ، حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: میں آپ دونوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ایسا فرمایا تھا؟ ان دونوں نے کہا: آپؐ نے یہ فرمایا تھا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: پھر میں تم کو اس جائیداد کی حقیقت بتاتا ہوں۔ اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو اس مال سے کچھ ایسے طور سے مخصوص کیا تھا کہ آپؐ کے سوا کسی اور کو یہ حکم نہیں دیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اور جو کچھ اللہ نے اُن (برگشتہ لوگوں) کا مال اپنے رسول کو دیا (تم کو معلوم ہی ہے کہ) تم نے اپنے گھوڑے اور اُونٹ اس مال کے حصول کے لیے نہیں دوڑائے تھے۔ لیکن اللہ اپنے رسولوں کو جس کا چاہتا ہے مالک بنا دیتا ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔ تو یہ جائیدادیں خاص کر رسول اللہ ﷺ کی تھیں مگر اللہ کی قسم! آپؐ نے ان کو تم سے سنبھال نہیں رکھا اور نہ ہی ان میں اپنے آپ کو تم پر مقدم کیا۔ تم کو بھی ان سے دیا اور تم میں تقسیم کردیا یہاں تک کہ ان (جائیدادوں) سے یہ مال بچ رہا تو رسول اللہ ﷺ اپنے گھر والوں کے لیے اُن کے ایک سال کا خرچ اس مال سے لیا کرتے تھے پھر جو بچ رہتا وہ لیتے اور اس کو وہاں خرچ کرتے جہاں اللہ کا مال خرچ کیا جاتا ہے اور رسول اللہ ﷺ اس پر اپنی زندگی میں کاربند رہے۔ میں تم کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں: کیا تم یہ جانتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپ نے حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ سے فرمایا: میں آپ دونوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں: کیا آپ جانتے ہیں؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو وفات دی اور حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں رسول اللہ (ﷺ) کا قائم مقام ہوں اور حضرت ابوبکرؓ نے ان جائیدادوں کو اپنے قبضے میں لیا اور ان میں اسی طرح پر تصرف کرتے رہے جیسے رسول اللہ ﷺ نے تصرف کیا تھا۔ اور حضرت عمرؓ، حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: آپ دونوں اس وقت خیال کرتے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ نے (ان جائیدادوں کے متعلق) ایسا ایسا کیا۔ اور اللہ جانتا ہے کہ وہ ان (جائیدادوں کے مصرف) میں سچے تھے، نیک تھے، صحیح راستے پر تھے، حق پر چلنے والے تھے۔ پھر اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو وفات دی اور میں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا جانشین ہوں اور میں نے ان کو اپنے قبضے میں دو سال رکھا۔ میں ان میں وہی تصرف کرتا تھا جو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے کیا۔ پھر آپ دونوں میرے پاس آئے اور آپ دونوں کی بات ایک ہی تھی اور آپ کی رائے متفقہ تھی، آپ (عباسؓ) میرے پاس آئے کہ اپنے بھتیجے کی طرف سے اپنا حصہ مجھ سے مانگنے لگے اور یہ (علیؓ) بھی آئے کہ اپنی بیوی کا حصہ جو اِن کے باپ کی طرف سے ہے، مجھ سے مانگنے لگے۔ میں نے کہا: اگر آپ دونوں چاہیں تو میں یہ جائیداد آپ کے حوالے کئے دیتا ہوں اس شرط پر کہ آپ دونوں کو اللہ کا عہد اور اس کا پختہ پیمان دینا ہوگا کہ آپ دونوں کو اس جائیداد میں وہی تصرف کرنا ہوگا جو رسول اللہ ﷺ نے اس میں کیا اور جو تصرف اس میں حضرت ابوبکرؓ نے کیا۔ اور جو میں نے کیا جب سے میں اس کا سرپرست ہوا ورنہ آپ دونوں اس جائیداد کے متعلق مجھ سے گفتگو نہ کریں۔ آپ دونوں نے کہا: اس شرط پر یہ جائیداد ہمارے سپرد کر دیں اور میں نے آپ دونوں کو اس شرط پر دے دی۔ میں آپ لوگوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں: کیا میں نے یہ جائیداد اس شرط پر ان دونوں کے حوالے نہیں کی تھی؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ مالک بن اوس کہتے تھے: پھر حضرت عمرؓ، حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمانے لگے: میں آپ دونوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا میں نے یہ جائیداد آپ دونوں کے حوالے اس شرط پر کی تھی؟ ان دونوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: کیا پھر آپ دونوں مجھ سے اس کے سوا کچھ اور فیصلہ چاہتے ہو؟ اس ذات کی قسم ہے جس کے حکم سے آسمان اور زمین قائم ہیں اس کے سوا اور کوئی فیصلہ میں اس (جائیداد) کے متعلق نہیں کروں گا یہاں تک کہ وہ گھڑی بھی برپا ہو جائے پس اگر آپ دونوں اس کے بندوبست سے عاجز آگئے ہیں تو اس کو میرے حوالے کر دیں میں آپ کی بجائے اس کا انتظام کروں گا۔