کتاب 6: باب عَمَلِ الْمَرْأَةِ فِي بَيْتِ زَوْجِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5361
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے حَکَم (بن عتیبہ) نے بیان کیا۔ حَکَم نے ابن ابی لیلیٰ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) حضرت علیؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت فاطمہ علیہا السلام نبی ﷺ کے پاس آئیں اور آپؐ سے اس تکلیف کا شکوہ کیا، جو چکّی سے اُن کے ہاتھوں کو ہوتی تھی۔ اور حضرت فاطمہؓ کو یہ خبر پہنچی تھی کہ آپؐ کے پاس لونڈی غلام آئے ہیں تو حضرت فاطمہؓ نے اتفاق سے آپؐ کو نہ پایا اور انہوں نے حضرت عائشہؓ سے اس کا ذکر کیا۔ جب آپؐ آئے تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ کو بتایا۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: اس پر آنحضرت ﷺ ہمارے پاس آئے اور ہم اپنے بستروں میں لیٹ گئے تھے۔ ہم کھڑے ہونے لگے: آپؐ نے فرمایا: اپنی جگہ ہی رہو۔ آپؐ آئے اور میرے اور فاطمہؓ کے درمیان بیٹھ گئے یہاں تک کہ آپؐ کے پاؤں کی ٹھنڈک میں نے اپنے پیٹ پر محسوس کی۔ آپؐ نے فرمایا: کیا میں تم دونوں کو ایسی بات نہ بتاؤں جو اس سے بہتر ہے جو تم نے مانگا ہے۔ جب تم اپنے بستروں میں لیٹنے لگو یا (فرمایا:) جب تم اپنے بچھونے پر آرام کرو تو تینتیس بار سبحان اللہ، تینتیس بار الحمد للہ اور چونتیس بار اللہ اکبر کہو، یہ تمہارے لئے خادم سے بہتر ہے۔