کتاب 12: باب عَوْنِ الْمَرْأَةِ زَوْجَهَا فِي وَلَدِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5367
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے باپ فوت ہو گئے اور وہ سات بیٹیاں یا کہا: نو بیٹیاں چھوڑ گئے۔ میں نے ایک ثیبہ (بیوہ) عورت سے نکاح کیا تو مجھے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جابرؓ ! نکاح کرلیا ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے پوچھا: باکرہ سے یا ثیبہ سے؟ میں نے کہا: نہیں بلکہ ثیبہ سے۔ آپؐ نے فرمایا: لڑکی سے کیوں نہ کیا؟ تم اس سے کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی اور تم اس سے ہنستے اور وہ تم سے ہنستی۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: میں نے آپؐ سے کہا: حضرت عبداللہؓ وفات پا گئے اور کچھ بیٹیاں چھوڑ گئے اور میں نے ناپسند کیا کہ میں اُن کے پاس اُن جیسی لے آؤں۔ اس لئے میں نے ایسی عورت سے نکاح کیا جو اُن کی پرورش کرے اور اُن کی اصلاح کرے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ برکت دے یا (فرمایا:) اللہ تجھے بھلائی عطا فرمائے۔