کتاب 14: باب {وَعَلَى الْوَارِثِ مِثْلُ ذَلِكَ} ، وَهَلْ عَلَى الْمَرْأَةِ مِنْهُ شَيْءٌ؟
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5369
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا کہ وہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے حضرت امّ سلمہؓ سے روایت کی۔ (وہ کہتی تھیں:) میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا مجھے ابو سلمہؓ کے بیٹوں کی وجہ سے کچھ ثواب ملے گا؟ اگر میں اُن پر کچھ خرچ کروں۔ اور میں اُن کو یوں ہی تو چھوڑنے کی نہیں، وہ بھی میرے بیٹے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں تمہیں اس کا ثواب ملے گا جو تم اُن پر خرچ کرو۔
صحیح بخاری 5370
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ ہندؓ نے کہا: یا رسول اللہ! ابوسفیان بہت ہی کنجوس شخص ہے۔ کیا مجھ پر گناہ ہوگا اگر میں اس کے مال سے اتنا لے لوں جو مجھے اور میرے بیٹوں کو کافی ہو؟ آپؐ نے فرمایا: دستور کے مطابق لے لو۔