کتاب 16: باب الْمَرَاضِعِ مِنَ الْمَوَالِيَاتِ وَغَيْرِهِنَّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5372
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) مجھے عروہ (بن زبیر) نے خبر دی کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے انہیں بتایا کہ حضرت امّ حبیبہؓ نبی ﷺ کی زوجہ کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ میری بہن ابوسفیان کی بیٹی سے نکاح کر لیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم یہ پسند کرتی ہو؟ میں نے کہا: ہاں۔ میں آپؐ کے لئے اکیلی تو رہنے کی نہیں اور مجھے یہ زیادہ پسند ہے کہ جو بھلائی میں میرا شریک ہو وہ میری بہن ہو۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو میرے لئے جائز نہیں۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم! ہم تو آپس میں باتیں کرتے ہیں کہ آپؐ ابوسلمہؓ کی بیٹی دُرّہ سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: امّ سلمہؓ کی بیٹی سے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! اگر وہ میری پرورش میں میری ربیبہ نہ بھی ہوتی تب بھی وہ میرے لئے جائز نہ تھی کیونکہ وہ میرے رضاعی بھائی کی بیٹی ہے۔ ثویبہ نے مجھے اور ابوسلمہؓ کو دودھ پلایا تھا۔ تم اپنی بیٹیاں مجھے پیش نہ کیا کرو اور نہ ہی اپنی بہنیں۔ شعیب نے زُہری سے نقل کیا کہ عروہ نے کہا: ثویبہ کو ابولہب نے آزاد کردیا تھا۔