کتاب 1: بَابُ وَقَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {كُلُوا مِنْ طَيِّبَاتِ مَا رَزَقْنَاكُمْ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5373
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: بھوکے کو کھلاؤ اور بیمار کی عیادت کرو اور گرفتار کو چھڑاؤ۔ سفیان نے کہا: الْعَانِي سے مراد جنگی قیدی ہے۔
صحیح بخاری 5374
یوسف بن عیسیٰ (مروَزی) نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے ابو حازم (سلمان اشجعی) سے، ابو حازم نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: آل محمد ﷺ نے کھانے سے تین دن تک سیر ہو کر کھانا نہیں کھایا یہاں تک کہ اسی حالت میں آپؐ نے وفات پائی۔
صحیح بخاری 5375
اور اسی سند سے ابو حازم سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابو ہریؓرہ سے روایت کی کہ مجھے نہایت ہی سخت بھوک لگی۔ میں حضرت عمر بن خطابؓ سے ملا اور میں نے کتاب اللہ کی ایک آیت کا اُن سے مفہوم پوچھا۔ وہ اپنے گھر میں گئے اور میرے سامنے اس کی شرح بیان کی۔ میں ابھی تھوڑی دور نہیں چلا تھا کہ سخت کمزوری اور بھوک کی وجہ سے اپنے منہ کے بل گر پڑا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ میرے سر پر کھڑے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ابو ہریرہؓ ! میں نے کہا: رسول اللہ! حاضر ہوں اور آپؐ کی خدمت میں ہوں۔ آپؐ نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے کھڑا کیا اور جو میری حالت تھی اُسے پہچان لیا۔ اور آپؐ مجھے اپنے گھر لے گئے۔ آپؐ نے میرے لئے ایک دودھ کا پیالہ لانے کے لئے حکم دیا۔ میں نے اُس میں سے پیا۔ آپؐ نے فرمایا: ابو ہریرہؓ ! اور پیو، میں نے پھر پیا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اور پیو، میں نے اور پیا۔ یہاں تک کہ میرا پیٹ تن کر تیر کی طرح ہو گیا۔ حضرت ابو ہریرہؓ کہتے تھے: پھر میں حضرت عمرؓ سے ملا اور جو مجھے واقعہ پیش آیا تھا اُن سے ذکر کیا اور میں نے اُن سے کہا: عمرؓ ! اللہ نے میری بھوک کو دور کرنے کے لئے ایسے شخص کو بھیج دیا جو آپؓ سے اس بات کے زیادہ لائق تھا۔ اللہ کی قسم! میں نے آپ سے ایک آیت کا مفہوم پوچھا حالانکہ میں آپ سے بڑھ کر اُس کو جانتا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! اگر میں تم کو گھر میں لے جاتا تو یہ مجھے اس سے زیادہ پسند ہوتا کہ میرے لئے سرخ اونٹ ہوں۔