کتاب 15: باب الْخَزِيرَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5401
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب کہتے ہیں کہ مجھے محمود بن ربیع انصاری نے بتایا کہ حضرت عتبان بن مالکؓ جو نبی ﷺ کے ان انصاری صحابہ میں سے تھے جو بدر میں شریک ہوئے، رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! میں اپنی بینائی کو کمزور پاتا ہوں اور میں اپنی قوم کو نماز پڑھاتا ہوں جب بارشیں ہوتی ہیں تو وہ نالہ جو میرے اور ان کے درمیان ہے بہنے لگتا ہے۔ میں ان کی مسجد میں نہیں آسکتا کہ اُن کو نماز پڑھاؤں۔ اس لئے میری آرزو ہے یا رسول اللہ کہ آپؐ آئیں اور میرے گھر میں نماز پڑھیں تاکہ میں اس کو نماز گاہ بنا لوں۔ آپؐ نے فرمایا: ان شاء اللہ میں عنقریب آؤں گا۔ حضرت عتبانؓ کہتے تھے: چنانچہ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ دوسرے دن جبکہ دن بلند ہو چکا تھا، آئے۔ نبی ﷺ نے اندر آنے کی اجازت مانگی۔ میں نے آپؐ کو اجازت دی۔ آپؐ گھر میں داخل ہو کر بیٹھے نہیں اور مجھے فرمایا: تم اپنے گھر میں کس جگہ پسند کرتے ہو کہ میں نماز پڑھوں۔ میں نے آپؐ کو گھر کے ایک کونے کی طرف اشارہ کیا۔ نبی ﷺ کھڑے ہو گئے اور اللہ اکبر کہا۔ ہم نے صفیں باندھ لیں۔ آپؐ نے دو رکعتیں پڑھیں۔ پھر آپؐ نے سلام پھیرا اور ہم نے آپؐ کو خزیرہ کھانے کے لئے، جسے ہم نے تیار کیا تھا، روک رکھا۔ گھر میں محلے والوں میں سے کچھ لوگ جو اچھی تعداد میں تھے اِدھر اُدھر سے آگئے اور جمع ہوگئے تو ان میں سے ایک کہنے والے نے کہا: مالک بن دُخشن ؓ کہاں ہے؟ ان میں سے کسی نے کہا: وہ منافق ہے، اللہ اور اس کے رسول سے محبت نہیں رکھتا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ نہ کہو۔ کیا تم اسے دیکھتے نہیں کہ اس نے لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ کا اقرار کیا ؟ وہ اس سے اللہ کی رضا مندی چاہتا ہے۔ اس نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتا ہے۔ حضرت عتبانؓ کہتے تھے: ہم نے کہا: ہم اس کی توجہ اور اس کی خیر خواہی منافقوں کے لئے دیکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے اس شخص کو آگ پر حرام کر دیا ہے جس نے لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ کا اقرار کیا۔ وہ اس سے اللہ کی رضا مندی چاہتا ہے۔ ابن شہاب نے کہا: میں نے (محمود سے یہ سن کر) حصین بن محمد انصاری سے جو بنو سالم سے تھے محمود کی اس حدیث کے متعلق پوچھا اور وہ ان کے بڑے لوگوں میں سے تھے تو انہوں نے اس کی تصدیق کی۔