کتاب 25: باب الثَّرِيدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5418
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ جملی سے، عمرو نے مرہ ہمدانی سے، مرہ نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے، حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی، آپؐ نے فرمایا: مردوں میں سے بہت کامل ہوئے ہیں اور عورتوں میں سوائے مریم بنت عمران اور آسیہ فرعون کی بیوی کے کوئی کامل نہیں ہوئی۔ اور عائشہؓ کی فضیلت باقی عورتوں پر ایسی ہے جیسی ثرید کی فضیلت باقی کھانوں پر۔
صحیح بخاری 5419
عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوطوالہ (عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن معمر انصاری) سے، ابوطوالہ نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ کی فضیلت دوسری عورتوں پر ایسی ہے جیسے ثرید کی فضیلت باقی کھانوں پر۔
صحیح بخاری 5420
عبداللہ بن منیر نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے ابو حاتم اشہل بن حاتم سے سنا کہ (عبداللہ) بن عون نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثمامہ بن انس سے، ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے ساتھ آپؐ کے ایک غلام کے پاس گیا جو درزی تھا۔ اس نے آپؐ کے سامنے ایک پیالہ رکھا جس میں ثرید تھا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے اور وہ اپنے کام میں لگ گیا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ کدو کے کتلے ڈھونڈ ڈھونڈ کر کھاتے تھے۔ کہتے تھے: میں بھی ان کو ڈھونڈنے لگا اور آپؐ کے سامنے رکھتا۔ کہتے تھے: اس کے بعد میں کدو کو پسند کیا کرتا تھا۔