کتاب 27: باب مَا كَانَ السَّلَفُ يَدَّخِرُونَ فِي بُيُوتِهِمْ وَأَسْفَارِهِمْ مِنَ الطَّعَامِ وَاللَّحْمِ وَغَيْرِهِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5423

حَدَّثَنَا خَلاَّدُ بْنُ يَحْيَى حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَابِسٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ قُلْتُ لِعَائِشَةَ أَنَهَى النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم أَنْ تُؤْكَلَ لُحُومُ الأَضَاحِيِّ فَوْقَ ثَلاَثٍ قَالَتْ مَا فَعَلَهُ إِلاَّ فِي عَامٍ جَاعَ النَّاسُ فِيهِ فَأَرَادَ أَنْ يُطْعِمَ الْغَنِيُّ الْفَقِيرَ وَإِنْ كُنَّا لَنَرْفَعُ الْكُرَاعَ فَنَأْكُلُهُ بَعْدَ خَمْسَ عَشْرَةَ. قِيلَ مَا اضْطَرَّكُمْ إِلَيْهِ فَضَحِكَتْ قَالَتْ مَا شَبِعَ آلُ مُحَمَّدٍ صلى الله عليه وسلم مِنْ خُبْزِ بُرٍّ مَأْدُومٍ ثَلاَثَةَ أَيَّامٍ حَتَّى لَحِقَ بِاللَّهِ. وَقَالَ ابْنُ كَثِيرٍ أَخْبَرَنَا سُفْيَانُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ عَابِسٍ بِهَذَا.

خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے قربانی کے گوشت تین دن سے زیادہ تک کھانے سے منع کیا ہے؟ انہوں نے کہا: آپؐ نے کبھی منع نہیں کیا مگر صرف اس سال جس میں کہ لوگ قحط کی وجہ سے بھوکے تھے تو آپؐ کی مراد یہ تھی کہ غنی فقیر کو کھلائے اور ہم تو (قربانی کے جانور کے) پائے اٹھا کر رکھ چھوڑتے اور پھر پندرہ پندرہ دن کے بعد انہیں کھاتے۔ ان سے پوچھا گیا: آپؐ کو ایسی سخت ضرورت کیا تھی؟ یہ سن کر وہ ہنس پڑیں کہنے لگیں کہ محمد ﷺ کے اہل بیت نے اس وقت تک کہ آپؐ اللہ سے جا ملے تین دن تک بھی گیہوں کی روٹی سالن کے ساتھ نہیں کھائی۔ اور (محمد) بن کثیر نے کہا: ہمیں سفیان (ثوری) نے بتایا کہ عبدالرحمٰن بن عابس نے ہم سے یہی بیان کیا۔

صحیح بخاری 5424

حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ عَمْرٍو عَنْ عَطَاءٍ عَنْ جَابِرٍ قَالَ كُنَّا نَتَزَوَّدُ لُحُومَ الْهَدْىِ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم إِلَى الْمَدِينَةِ. تَابَعَهُ مُحَمَّدٌ عَنِ ابْنِ عُيَيْنَةَ. وَقَالَ ابْنُ جُرَيْجٍ قُلْتُ لِعَطَاءٍ أَقَالَ حَتَّى جِئْنَا الْمَدِينَةَ قَالَ لاَ.

عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت جابرؓ (بن عبداللہ انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے زمانے میں قربانیوں کے گوشت اپنے ساتھ مدینہ بھی لے جاتے تھے۔ (عبداللہ بن محمد کی طرح) اس حدیث کو محمد (بن سلام) نے بھی (سفیان) بن عیینہ سے روایت کیا۔ اور ابن جریج کہتے تھے: میں نے عطاء سے پوچھا: کیا حضرت جابرؓ نے یوں کہا ہے کہ یہاں تک کہ ہم مدینہ آئے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔

10 von 10 heute frei