باب 28: باب الْحَيْسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5425
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن ابی عمرو سے جو مطلب بن عبداللہ بن حنطب کے غلام تھے، روایت کی۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے سنا، کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ابوطلحہؓ سے فرمایا: اپنے لڑکوں میں سے ایک لڑکا ڈھونڈو جو میری خدمت کرے۔ اس پر حضرت ابوطلحہؓ مجھے اپنے پیچھے سواری پر بٹھا کر لے گئے اور میں رسول اللہ ﷺ کی جب بھی آپؐ کہیں اترتے خدمت کرتا اور میں آپؐ کو یہ دعا کرتے اکثر سنا کرتا تھا: اے اللہ میں تیری پناہ لیتا ہوں ہم و غم سے اور درماندگی اور سستی سے اور بخل اور بزدلی سے اور قرض کے بوجھ سے اور لوگوں کے تنگ کرنے سے۔ میں آپؐ کی ہمیشہ خدمت کرتا رہا یہاں تک کہ ہم خیبر سے لَوٹے اور آپؐ حضرت صفیہ بنت حییؓ کو لائے۔ آپؐ نے ان سے نکاح کر لیا تھا اور میں آپؐ کو دیکھتا کہ آپؐ اپنے پیچھے اپنے چغہ یا اپنے کمبل سے اُن کے لیے گول گدا بنا دیتے پھر ان کو اپنے پیچھے سوار کرتے۔ جب ہم صہباء میں پہنچے تو آپؐ نے کھجور کا مالیدہ بنا کر دستر خوان پر رکھا۔ پھر آپؐ نے مجھے بھیجا اور میں نے کئی لوگوں کو کھانے کے لئے بلایا اور انہوں نے کھایا۔ اور یہی حضرت صفیہؓ کا ولیمہ تھا جو آپؐ نے کیا۔ پھر آپؐ آئے جب اُحد آپؐ کے سامنے ظاہر ہوا تو آپؐ نے فرمایا: یہ وہ پہاڑ ہے جو ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم اس سے محبت رکھتے ہیں۔ جب آپؐ مدینہ کے قریب پہنچے تو آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! میں مدینہ کے ان دونوں پہاڑوں کے درمیان جو جگہ ہے اس کو ویسے ہی حرم قرار دیتا ہوں جیسے ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا۔ اے اللہ! انہیں ان کے مُد میں اور ان کے صاع میں برکت دے۔