کتاب 30: باب ذِكْرِ الطَّعَامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5427
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ (وضاح) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ (بن دعامہ) سے، قتادہ نے حضرت انسؓ (بن مالک) سے، حضرت انسؓ نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس مؤمن کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے ترنج کی سی ہے اس کی خوشبو بھی اچھی اور اس کا مزہ بھی اچھا۔ اور مثال اس مؤمن کی جو قرآن نہیں پڑھتا کھجور کی سی ہے اس کی خوشبو نہیں اور اس کا مزہ میٹھا ہے۔ اور اس منافق کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے نیاز بو کی مثال ہے اس کی خوشبو اچھی ہے اور اس کا مزہ کڑوا ہے۔ اور اس منافق کی مثال جو قرآن بھی نہیں پڑھتا حنظل کی سی ہے۔ اس کی کوئی خوشبو نہیں اور اس کا مزہ بھی کڑوا ہے۔
صحیح بخاری 5428
مسدد نے ہمیں بتایا کہ خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہم سے بیان کیا کہ (ابوطوالہ) عبداللہ بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: عائشہؓ کی فضیلت دوسری عورتوں پر ایسی ہے جیسے ثرید کی فضیلت باقی کھانوں پر۔
صحیح بخاری 5429
ابو نعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سُمی سے، سُمی نے ابو صالح (ذکوان) سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبیﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سفر بھی ایک قسم کا عذاب ہے کہ تم میں سے ایک کو اس کے سونے اور کھانے سے محروم کر دیتا ہے۔ جب کوئی اپنا وہ مقصد پورا کر لے جس کے لئے اس نے سفر کیا تھا تو پھر جلدی سے اپنے گھر والوں کے پاس چلا آئے۔