کتاب 32: باب الْحَلْوَاءِ وَالْعَسَلِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5431

حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ الْحَنْظَلِيُّ عَنْ أَبِي أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبِي عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يُحِبُّ الْحَلْوَاءَ وَالْعَسَلَ.

اسحاق بن ابراہیم حنظلی نے مجھ سے بیان کیا، انہوں نے ابواسامہ سے، ابواسامہ نے ہشام (بن عروہ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے میرے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے بتایا، کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ میٹھا اور شہد پسند کرتے تھے۔

صحیح بخاری 5432

حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ شَيْبَةَ قَالَ أَخْبَرَنِي ابْنُ أَبِي الْفُدَيْكِ عَنِ ابْنِ أَبِي ذِئْبٍ عَنِ الْمَقْبُرِيِّ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ كُنْتُ أَلْزَمُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم لِشِبَعِ بَطْنِي حِينَ لاَ آكُلُ الْخَمِيرَ وَلاَ أَلْبَسُ الْحَرِيرَ وَلاَ يَخْدُمُنِي فُلاَنٌ وَلاَ فُلاَنَةُ وَأُلْصِقُ بَطْنِي بِالْحَصْبَاءِ وَأَسْتَقْرِئُ الرَّجُلَ الآيَةَ وَهْىَ مَعِي كَىْ يَنْقَلِبَ بِي فَيُطْعِمَنِي وَخَيْرُ النَّاسِ لِلْمَسَاكِينِ جَعْفَرُ بْنُ أَبِي طَالِبٍ يَنْقَلِبُ بِنَا فَيُطْعِمُنَا مَا كَانَ فِي بَيْتِهِ حَتَّى إِنْ كَانَ لَيُخْرِجُ إِلَيْنَا الْعُكَّةَ لَيْسَ فِيهَا شَىْءٌ فَنَشْتَقُّهَا فَنَلْعَقُ مَا فِيهَا.

عبدالرحمٰن بن شیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا۔ مجھے (محمد بن اسماعیل) بن ابی فدیک نے بتایا۔ انہوں نے (محمد بن عبدالرحمٰن) بن ابی ذئب سے، محمد بن عبدالرحمٰن نے (سعید بن ابی سعید) مقبری سے، مقبری نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں اپنا پیٹ بھر کر نبی ﷺ کے ساتھ ساتھ ہمیشہ رہتا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب نہ میں خمیری روٹی کھایا کرتا تھا اور نہ ریشمی کپڑا پہنتا تھا اور نہ میری خدمت کوئی غلام اور نہ کوئی لونڈی کرتی تھی اور میں اپنا پیٹ کنکریوں سے لگا دیتا تھا اور کسی آدمی سے ایک آیت کا مفہوم پوچھا کرتا تھا حالانکہ وہ مجھے خوب معلوم ہوتی تاکہ وہ مجھے اپنے ساتھ (گھر) لے جائے اور کھانا کھلائے اور مسکینوں کے لئے تمام لوگوں سے بہتر حضرت جعفر بن ابی طالبؓ تھے۔ ہمیں (گھر) لے جایا کرتے اور جو کچھ ان کے گھر میں ہوتا ہمیں کھلاتے یہاں تک کہ کبھی ایسا بھی ہوتا کہ وہ ہمارے لئے گھی کی کپی نکالتے اور اس میں کچھ نہ ہوتا۔ ہم اس کو پھاڑ کر جو کچھ اس میں ہوتا کھا لیتے۔

10 von 10 heute frei