کتاب 34: باب الرَّجُلِ يَتَكَلَّفُ الطَّعَامَ لإِخْوَانِهِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 5434

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ أَبِي وَائِلٍ عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ الأَنْصَارِيِّ قَالَ كَانَ مِنَ الأَنْصَارِ رَجُلٌ يُقَالُ لَهُ أَبُو شُعَيْبٍ وَكَانَ لَهُ غُلاَمٌ لَحَّامٌ فَقَالَ اصْنَعْ لِي طَعَامًا أَدْعُو رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم خَامِسَ خَمْسَةٍ فَدَعَا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم خَامِسَ خَمْسَةٍ فَتَبِعَهُمْ رَجُلٌ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنَّكَ دَعَوْتَنَا خَامِسَ خَمْسَةٍ وَهَذَا رَجُلٌ قَدْ تَبِعَنَا فَإِنْ شِئْتَ أَذِنْتَ لَهُ وَإِنْ شِئْتَ تَرَكْتَهُ ". قَالَ بَلْ أَذِنْتُ لَهُ. قَالَ مُحَمَّدُ بْنُ يُوسُفَ سَمِعْتُ مُحَمَّدَ بْنَ إِسْمَاعِيْلَ يَقُولُ إِذَا كَانَ الْقَوْمُ عَلَى الْمَائِدَةِ لَيْسَ لَهُمْ أَنْ يُنَاوِلُوا مِنْ مَائِدَةٍ إِلَى مَائِدَةٍ أُخْرَى وَلَكِنْ يُنَاوِلُ بَعْضُهُمْ بَعْضًا فِي تِلْكَ الْمَائِدَةِ أَوْ يَدَعُ

محمد بن یوسف (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت ابومسعود انصاریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: انصار میں سے ایک شخص تھا جسے ابوشعیبؓ کہتے تھے، ان کا غلام گوشت بیچا کرتا تھا۔ ابوشعیبؓ نے اس غلام سے کہا: میرے لئے کھانا تیار کرو میں رسول اللہ ﷺ کو کھانے کے لئے بلاؤں گا۔ پانچ آدمی ہوں گے۔ پانچویں آپؐ ہیں، اس نے رسول اللہ ﷺ سمیت پانچ آدمیوں کو بلایا۔ ان کے ساتھ ایک اور آدمی چل پڑا۔ (یہ دیکھ کر) نبی ﷺ نے فرمایا: تم نے میرے سمیت ہم پانچ آدمیوں کو مدعو کیا تھا اور یہ شخص جو ہمارے ساتھ چلا آیا ہے اگر تم چاہو تو اسے بھی اجازت دے دو اگر چاہو تو نہ دو۔ ابوشعیبؓ نے کہا: نہیں بلکہ میں نے اسے بھی اجازت دی۔

محمد بن یوسف نے کہا: میں نے محمد بن اسماعیل سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب لوگ کسی دستر خوان پر ہوں تو ان کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ ایک دسترخوان سے دوسرے دسترخوان پر کھانا لے کر جائیں۔ لیکن اس دسترخوان پر وہ ایک دوسرے سے لے سکتے ہیں یا چھوڑ سکتے ہیں۔

10 von 10 heute frei