کتاب 48: باب مَنْ أَدْخَلَ الضِّيفَانَ عَشَرَةً عَشَرَةً وَالْجُلُوسِ عَلَى الطَّعَامِ عَشَرَةً عَشَرَةً
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5450
صلت بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعثمان جعد (بن دینار) سے، جعد نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ اور (حماد بن زید نے) ہشام (بن حسان ازدی) سے، ہشام نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ نیز (حماد نے) سنان ابوربیعہ سے، ابوربیعہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ ان کی ماں حضرت امّ سلیمؓ نے ایک مد جَو کو موٹا موٹا پیس کر اس سے آش بنایا اور ایک گھی کی کپی جو ان کے پاس تھی، نچوڑی۔ پھر مجھے نبی ﷺ کو بلانے بھیجا۔ میں آپؐ کے پاس آیا۔ اس وقت آپؐ اپنے صحابہ کے درمیان بیٹھے تھے۔ میں نے آپؐ کو دعوت دی۔ آپؐ نے پوچھا اور میرے ساتھ جو لوگ ہیں (ان کی بھی دعوت ہے یا نہیں۔) میں آیا اور میں نے کہا کہ آپؐ فرماتے ہیں جو میرے ساتھ ہیں وہ بھی؟ حضرت ابوطلحہؓ آپؐ کے پاس گئے اور کہا یارسول اللہ! بس یہی کچھ ہے جو امّ سلیمؓ نے تیار کیا ہے۔ آپؐ اندر آئے اور وہ کھانا آپؐ کے سامنے لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: دس دس کو میرے پاس اندر لے آؤ۔ ان کو اندر لایا گیا اور انہوں نے اتنا کھایا کہ سیر ہو گئے۔ پھر فرمایا کہ میرے پاس دس آدمیوں کو لے آؤ۔ وہ اندر آئے انہوں نے کھایا یہاں تک کہ وہ سیر ہو گئے۔ پھر فرمایا: دس اور میرے پاس لے آؤ، اسی طرح آپ نے چالیس آدمیوں کا شمار کیا۔ اس کے بعد نبی ﷺ نے کھایا پھر کھڑے ہو گئے اور میں دیکھنے لگا کہ کیا اس میں سے کچھ کم بھی ہوا۔