کتاب 58: باب إِذَا حَضَرَ الْعَشَاءُ فَلاَ يَعْجَلْ عَنْ عَشَائِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5462
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ نیز لیث (بن سعد) نے کہا کہ یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جعفر بن عمرو بن امیہ نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ عمرو بن امیہ (ضمری) نے ان کو بتایا کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ ایک بکری کے شانے سے جو آپؐ کے ہاتھ میں تھا گوشت کاٹ کاٹ کر کھا رہے تھے۔ اتنے میں نماز کے لئے آپؐ کو بلایا گیا۔ آپؐ نے اُسے اور اس چھری کو جس کے ساتھ آپؐ کاٹ رہے تھے، رکھ دیا پھر آپؐ کھڑے ہوئے، نماز پڑھی اور وضو نہیں کیا۔
صحیح بخاری 5463
معلّیٰ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب شام کا کھانا رکھا جائے اور نماز کے لئے تکبیر ہو تو پہلے شام کا کھانا کھاؤ۔ اور ایوب سے روایت ہے، انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے ایسی ہی روایت کی۔
صحیح بخاری 5464
اور اسی سند سے ایوب (سختیانی) سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ کے بارے میں روایت کی کہ ایک دفعہ انہوں نے رات کا کھانا کھایا اور وہ امام کی قرأت سن رہے تھے۔
صحیح بخاری 5465
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب نماز کی تکبیر ہو اور شام کا کھانا بھی سامنے آئے تو پہلے کھانا کھاؤ۔ وہیب اور یحيٰ بن سعید نے ہشام سے روایت کرتے ہوئے یہ الفاظ کہے: جب شام کا کھانا رکھا جائے۔