کتاب 59: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {فَإِذَا طَعِمْتُمْ فَانْتَشِرُوا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5466
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت انس (بن مالکؓ) کہتے تھے: میں حجاب کے متعلق تمام لوگوں سے زیادہ جانتا ہوں۔ حضرت اُبیّ بن کعبؓ بھی مجھ سے اس کے متعلق پوچھا کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ حضرت زینب بنت جحشؓ کے دلہا بنے اور آپؐ نے مدینہ میں ہی ان سے نکاح کیا تھا تو آپؐ نے دن چڑھنے کے بعد لوگوں کو کھانے کے لئے بلایا۔ رسول اللہ ﷺ بیٹھے رہے اور کچھ لوگ بھی آپؐ کے ساتھ بیٹھے رہے۔ جب لوگ اٹھ کر چلے گئے تو اس کے بعد رسول اللہ ﷺ بھی کھڑے ہوئے۔ آپؐ چلے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ چلا۔ یہاں تک کہ آپؐ حضرت عائشہؓ کے حجرے کے دروازے تک پہنچے پھر آپؐ نے خیال کیا کہ وہ لوگ چلے گئے ہیں۔ آپ واپس لَوٹے۔ میں بھی آپؐ کے ساتھ لَوٹا تو کیا دیکھا کہ وہ وہیں اپنی جگہ بیٹھے ہوئے ہیں۔ آپؐ یہ دیکھ کر دوبارہ واپس چلے آئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ دوبارہ واپس ہوگیا۔ حضرت عائشہؓ کے حجرے کے دروازے پر پہنچ کر پھر آپؐ واپس لَوٹ گئے اور میں بھی آپؐ کے ساتھ لَوٹ آیا۔ کیا دیکھا کہ وہ اس وقت اٹھ کر چلے گئے تھے۔ پھر آپؐ نے میرے اور اپنے درمیان پردہ ڈال دیا اور حجاب کا حکم نازل کیا گیا۔