کتاب 1: باب تَسْمِيَةِ الْمَوْلُودِ غَدَاةَ يُولَدُ، لِمَنْ لَمْ يَعُقَّ عَنْهُ، وَتَحْنِيكِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5467
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے برید (بن عبداللہ) نے ابوبردہ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے ہاں لڑکا پیدا ہوا تو میں اس کو لے کر نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے اس کا نام ابراہیم رکھا اور آپؐ نے ایک کھجور (چبا کر) اس کو گھٹی دی اور اس کے لئے برکت کی دعا کی اور بچہ مجھ کو دیا اور یہ حضرت ابوموسیٰؓ کی اولاد میں سب سے بڑا لڑکا تھا۔
صحیح بخاری 5468
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ کے پاس ایک بچہ لایا گیا کہ آپؐ اس کو گھٹی دیں۔ اس نے آپؐ پر پیشاب کردیا تو آپؐ نے اس (مقام) پر پانی بہا دیا۔
صحیح بخاری 5469
اسحاق بن نصر نے ہمیں بتایا کہ ابو اُسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن عروہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ مکہ میں تھیں۔ عبداللہ بن زبیرؓ ان کے حمل میں تھے۔ کہتی تھیں: میں جب (مکہ سے) نکلی تو (حمل کی مدت کو) پورا کر رہی تھی۔ مدینہ میں آئی اور قباء میں اتری اور میں نے قباء میں بچہ جنا۔ پھر میں عبداللہؓ کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور اسے آپؐ کی گود میں رکھ دیا۔ آپؐ نے ایک کھجور منگوائی اور اس کو چبا کر اس کے منہ میں لعاب سے گھٹی دی، تو پہلی چیز جو اس کے پیٹ میں داخل ہوئی رسول اللہ ﷺ کا لعاب تھا۔ پھر آپؐ نے کھجور کو اس کے تالو میں لگا دیا اور آپؐ نے اس کے لئے دعا کی اور اس کو برکت دی۔ اور عبداللہ بن زبیرؓ پہلا بچہ تھا جو اسلام میں پیدا ہوا تو لوگ اس کے پیدا ہونے سے بہت ہی خوش ہوئے کیونکہ انہیں کہا گیا تھا کہ یہود نے تم پر جادو کر دیا ہے۔ اب تمہارے ہاں اولاد نہیں پیدا ہوگی۔
صحیح بخاری 5470
مطر بن فضل نے مجھے بتایا کہ یزید بن ہارون نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عون نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے انس بن سیرین سے، انس نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوطلحہؓ کا ایک بیٹا بیمار تھا۔ حضرت ابوطلحہؓ کہیں باہر گئے اور وہ بچہ فوت ہو گیا۔ جب حضرت ابوطلحہؓ لَوٹے، پوچھنے لگے میرے بیٹے کا کیا حال ہے؟ حضرت امّ سلیمؓ نے کہا: اسے پہلے سے بہت آرام ہے اور حضرت امّ سلیمؓ نے ان کے سامنے شام کا کھانا رکھا اور انہوں نے کھایا۔ پھر انہوں نے ان سے تعلق قائم کیا۔ جب فارغ ہوئے تو کہنے لگیں: بچے کو دفن کر آؤ۔ جب حضرت ابوطلحہؓ صبح کو اٹھے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے یہ واقعہ بیان کیا۔ آپؐ نے یہ سن کر فرمایا: آج رات تم آپس میں ملے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! ان دونوں کے لئے یہ رات مبارک کر۔ تو حضرت امّ سلیمؓ نے ایک لڑکا جنا۔ (حضرت انسؓ کہتے تھے:) مجھے حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: اس بچہ کو حفاظت سے نبی ﷺ کے پاس لے جاؤ۔ چنانچہ وہ اس کو نبی ﷺ کے پاس لے آئے اور حضرت امّ سلیمؓ نے اس کے ساتھ کچھ کھجوریں بھی بھیجیں۔ نبی ﷺ نے اس بچے کو لیا اور پوچھا: کیا اس کے ساتھ کچھ بھیجا ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں کچھ کھجوریں ہیں۔ نبی ﷺ نے کھجور کو لیا اس کو چبایا۔ پھر اپنے منہ سے نکال کر بچے کے منہ میں ڈالیں اور آپؐ نے اس کو اس کی گھٹی دی اور اس کا نام عبداللہؓ رکھا۔ محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن عون سے، ابن عون نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت انسؓ سے روایت کی… اور پھر اسی حدیث کو بیان کیا۔