کتاب 10: باب مَا جَاءَ فِي التَّصَيُّدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5487
محمد (بن سلام) نے مجھ سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے بیان (بن بشر) سے، بیان نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا۔ میں نے کہا: ہم ایسے لوگ ہیں کہ ان کتوں کے ذریعہ سے شکار کرتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑو اور ان پر اللہ کا نام لے لو پھر جو تمہارے لئے پکڑیں کھاؤ، سوائے اس کے کہ کتا اس کو کھا لے تو پھر نہ کھاؤ کیونکہ میں ڈرتا ہوں کہ کہیں اس نے صرف اپنے لئے ہی پکڑا ہو اور اگر اس کے ساتھ اس کے سوا کوئی اور کتا مل گیا ہو تو پھر نہ کھاؤ۔
صحیح بخاری 5488
ابوعاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حیوہ بن شریح سے روایت کی۔ نیز احمد بن ابی رجاء نے مجھ سے بیان کیا کہ سلمہ بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن مبارک سے، عبداللہ نے حیوہ بن شریح سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے ربیعہ بن یزید دمشقی سے سنا۔ انہوں نے کہا: مجھے ابوادریس عائذاللہ نے بتایا، کہتے تھے: میں نے حضرت ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم ایسی قوم کے ملک میں ہیں جو اہل کتاب ہیں۔ ہم ان کے برتنوں میں کھاتے ہیں اور ہم ایسی سرزمین میں ہیں جہاں شکار ہوتا ہے میں اپنی کمان سے شکار کرتا ہوں اور اپنے سدھائے ہوئے کتے سے نیز اس سے جو سکھایا ہوا نہیں شکار کرتا ہوں۔ آپؐ مجھے بتائیں کہ ان میں سے کون سا ہمارے لئے جائز ہے؟ آپؐ نے فرمایا: جو تم نے یہ ذکر کیا ہے کہ تم ایسی قوم کے ملک میں ہو جو اہل کتاب ہیں تم اُن کے برتنوں میں کھاتے ہو۔ اگر تم ان کے برتنوں کے سوا اور برتن پاؤ تو ان میں نہ کھاؤ اور اگر نہ پاؤ تو انہی کو دھو لو اور اس کے بعد ان میں کھاؤ۔ اور جو تم نے یہ ذکر کیا کہ تم ایسی سرزمین میں ہو جہاں شکار ہوتا ہے تو جو تم اپنی کمان سے شکار کرو تو اللہ کا نام لے لو اور پھر کھاؤ۔ اور جو تم اپنے سدھائے ہوئے کتے کے ذریعہ سے شکار کرو، اللہ کا نام لے لو اور پھر اسے کھاؤ، اور جو تم اپنے اس کتے کے ذریعے سے شکار کرو جو سکھایا ہوا نہیں پھر تم اس کو ذبح کر لو تو پھر اس کو بھی کھاؤ۔
صحیح بخاری 5489
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے کہا: مجھ سے ہشام بن زید نے بیان کیا۔ ہشام نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نے مر الظہران میں ایک خرگوش کو بھگایا وہ اس کو پکڑنے کے لئے دوڑے یہاں تک کہ وہ تھک کر رہ گئے۔ پھر میں اس کے پیچھے دوڑا اور آخر اس کو پکڑ لیا اور میں اس کو پکڑ کر حضرت ابوطلحہ ؓ کے پاس لے آیا اور انہوں نے نبی ﷺ کو اس کی رانیں یا پٹھہ کا گوشت بھیجا۔ آپ ؐ نے اسے قبول کیا۔
صحیح بخاری 5490
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابو نضر (سالم بن ابی امیہ) سے جو عمر بن عبیداللہ کے غلام تھے، ابو نضر نے نافع سے جو ابو قتادہ کے غلام تھے، نافع نے حضرت ابو قتادہؓ سے روایت کی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ساتھ تھے جب مکّہ کے راستے میں کسی مقام پر پہنچے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ پیچھے رہ گئے جو احرام باندھے ہوئے تھے اور وہ احرام نہیں باندھے ہوئے تھے۔ انہوں نے ایک گورخر دیکھا یہ دیکھ کر وہ (ابو قتادہؓ) اپنے گھوڑے پر تان کر بیٹھ گئے۔ پھر انہوں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ ان کو کوڑا پکڑا دیں۔ انہوں نے انکار کیا۔ پھر انہوں نے ان سے اپنا نیزہ مانگا تب بھی انہوں نے انکار کیا۔ آخر حضرت ابو قتادہؓ نے اس کو خود لیا اور پھر گورخر پر زور سے حملہ کر دیا اور اس کو مار ڈالا۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے بعض نے اس میں سے کچھ گوشت کھایا اور ان میں سے بعض نے انکار کیا۔ جب وہ رسول اللہ ﷺ سے ملے تو انہوں نے آپؐ سے اس کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ تو ایسا کھانا تھا کہ جو اللہ نے تمہیں کھلایا۔
صحیح بخاری 5491
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوقتادہؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسی ہی حدیث بیان کی مگر انہوں نے یہ الفاظ کہے کہ آپؐ نے پوچھا کیا تمہارے پاس اس کے گوشت سے کچھ ہے۔