کتاب 14: باب آنِيَةِ الْمَجُوسِ وَالْمَيْتَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5496
ابوعاصم (نبیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حیوہ بن شریح سے، حیوہ نے کہا: ربیعہ بن یزید دمشقی نے مجھ سے بیان کیا۔ ابوادریس خولانی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوثعلبہ خشنیؓ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہم اہل کتاب کے ملک میں رہتے ہیں اور ہم ان کے برتنوں میں کھاتے ہیں اور ایسی سرزمین میں ہیں جہاں شکار ہوتا ہے۔ میں اپنی کمان سے شکار کرتا ہوں اور اپنے سدھائے ہوئے کتے سے اور نیز اپنے اس کتے سے جو سدھایا ہوا نہیں ہوتا، شکار کرتا ہوں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ جو تم نے ذکر کیا ہے کہ تم اہل کتاب کے ملک میں ہو تم ان کے برتنوں میں نہ کھاؤ سوائے اس کے کہ تم کو چارہ نہ ہو اور اگر تم لاچار ہو تو پھر ان کو دھو لیا کرو اور کھاؤ اور یہ جو تم نے ذکر کیا ہے کہ تم ایسی سرزمین میں ہو جہاں شکار ہوتا ہے تو پھر جو تم اپنی کمان سے شکار کرو اللہ کا نام لو اور کھاؤ اور جو تم اپنے سدھائے ہوئے کتے کے ذریعہ سے شکار کرو اللہ کا نام لو اور کھالو اور جو تم اپنے اس کتے کے ذریعہ سے شکار کرو جو سکھایا ہوا نہیں ہے اس کو وقت پر ذبح کرلو تو اس کو بھی کھالو۔
صحیح بخاری 5497
مکی بن ابراہیم نے نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یزید بن ابی عبید نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت سلمہ بن اکوعؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس دن انہوں نے خیبر فتح کیا تو جب شام ہوئی تو انہوں نے آگیں جلائیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تم نے یہ آگیں کن چیزوں کے پکانے کے لئے جلائی ہیں، لوگوں نے کہا: پالتو گدھوں کے گوشت کے لیے۔ آپؐ نے فرمایا: جو ان ہانڈیوں میں ہے اس کو انڈیل دو اور اس گوشت کی ہانڈیوں کو بھی توڑ دو۔ لوگوں میں سے ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا: جو ان ہانڈیوں میں ہے وہ انڈیل دیتے ہیں اور ان کو دھو لیتے ہیں۔ نبیﷺ نے فرمایا: یا ایسا ہی کرلو۔