کتاب 15: باب التَّسْمِيَةِ عَلَى الذَّبِيحَةِ وَمَنْ تَرَكَ مُتَعَمِّدًا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5498
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن مسروق سے، سعید نے عبایہ بن رفاعہ بن رافع سے، عبایہ نے اپنے دادا حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ذوالحلیفہ میں تھے۔ لوگوں کو بھوک لگی۔ ہمیں کچھ اونٹ اور بکریاں ملیں اور نبی ﷺ لوگوں کے پیچھے تھے۔ لوگوں نے جلدی کی اور ہانڈیاں رکھ دیں۔ پھر نبی ﷺ بھی ان کے پاس آپہنچے۔ آپؐ نے ان ہانڈیوں کے متعلق حکم دیا اور وہ انڈیل دی گئیں۔ پھر آپؐ نے تقسیم کی اور دس بکریوں کو ایک اونٹ کے برابر قرار دیا۔ ان میں سے ایک اونٹ بھاگ گیا اور لوگوں میں گھوڑے کم تھے۔ انہوں نے اس کا پیچھا کیا اور اس نے ان کو تھکا دیا۔ اس پر ایک شخص نے ہاتھ بڑھا کر اس کو تیر مارا اور اللہ نے اس کو وہی روک دیا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ان چوپایوں میں بھی بعض ایسے جنگلی جانور ہوتے ہیں جیسے وحشی۔ اس لئے جو بھاگ کر تمہیں مغلوب کر دے تو اس سے اسی طرح کرو۔ عبایہ کہتے تھے: اور میرے دادا نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں یا کہا کہ ہم ڈرتے ہیں کہ کہیں کل دشمن سے مڈبھیڑ نہ ہو جائے اور ہمارے پاس چھریاں نہیں تو کیا ہم بانس کی کھپانچ سے ہی ذبح کر لیں۔ آپؐ نے فرمایا: جو بھی خون کو گرائے اور اس پر اللہ کا نام لیا گیا ہو وہ کھاؤ مگر دانت اور ناخن نہ ہوں۔ اور میں تمہیں اس کی وجہ بتاتا ہوں۔ دانت جو ہے تو وہ ہڈی ہے اور ناخن جو ہیں تو وہ حبشیوں کی چھریاں ہیں۔