کتاب 23: باب مَا نَدَّ مِنَ الْبَهَائِمِ فَهْوَ بِمَنْزِلَةِ الْوَحْشِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5509
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ (سعید بن مسروق) نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے عبایہ بن رفاعہ بن رافع بن خدیج سے، عبایہ نے حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کل دشمن سے ہماری مڈبھیڑ ہوگی اور ہمارے پاس چھریاں نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ابھی سے جلدی کرو، یا (فرمایا:) اَرِنْ یعنی (خوشی سے اچھل کر) لپکو، جو بھی خون کو بہادے اور اللہ کا نام اس پر لیا جائے وہ کھاؤ۔ دانت اور ناخن نہ ہو اور میں تمہیں بتائے دیتا ہوں کہ دانت جو ہے وہ تو ہڈی ہے اور ناخن جو ہے تو حبشیوں کی چھریاں ہیں۔ اور ہم نے کچھ اونٹ اور بکریاں غنیمت میں پائیں اور ان میں سے ایک اونٹ بھاگ نکلا تو ایک شخص نے اس کو تیر مار کر ٹھہرا دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان اونٹوں میں بھی ایسے جانور ہیں جو قابو میں نہیں آتے جیسے جنگلی جانور ہوتے ہیں جب ان میں سے کوئی جانور تم کو بے بس کردے تو پھر اس کے ساتھ ایسا ہی کرو۔