کتاب 28: باب لُحُومِ الْحُمُرِ الإِنْسِيَّةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5521
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے سالم اور نافع سے، ان دونوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے خیبر کے دن پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔
صحیح بخاری 5522
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، (عبیداللہ نے کہا:) نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت عبداللہؓ (بن عمر) سے روایت کی۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: نبیﷺ نے پالتو گدھوں کے گوشت سے منع کیا۔ (یحيٰ قطان کی طرح عبداللہ) بن مبارک نے بھی اس حدیث کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے روایت کیا۔ اور ابواسامہ نے اس کو عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سالم سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا۔
صحیح بخاری 5523
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ اور حسن سے جو دونوں محمد بن علی کے بیٹے تھے۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت علی رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے خیبر کے سال متعہ سے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے روک دیا۔
صحیح بخاری 5524
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے محمد بن علی سے، انہوں نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ (انصاری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر کے دن گدھوں کے گوشت سے روک دیا اور گھوڑوں کے گوشت کی اجازت دی۔
صحیح بخاری 5525
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے کہا کہ عدی (بن ثابت) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) اور حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا۔
صحیح بخاری 5526
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے کہا کہ عدی (بن ثابت) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) اور حضرت ابن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ نے گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا۔
صحیح بخاری 5527
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوادریس (خولانی) نے انہیں خبر دی کہ حضرت ابوثعلبہ (خشنیؓ) کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے پالتو گدھوں کے گوشت کو حرام قرار دیا۔ (صالح کی طرح) زبیدی اور عقیل نے بھی ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کو بیان کیا۔ اور مالک اور معمر اور (یوسف بن یعقوب) ماجشون اور یونس (بن یزید ایلی) اور (محمد) بن اسحاق نے زہری سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ نبی ﷺ نے درندوں میں سے ہر کچلی والے جانور سے منع کر دیا۔
صحیح بخاری 5528
محمد بن سلام (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب ثقفی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس ایک آنے والا آیا اور کہنے لگا: گدھے کھائے گئے، پھر ایک اور شخص آپؐ کے پاس آیا وہ بھی یہی کہنے لگا: گدھے کھائے گئے۔ پھر آپؐ کے پاس ایک آنے والا آیا اور اس نے کہا: گدھے فنا کر دیئے گئے۔ تو آپؐ نے ایک منادی کو حکم دیا جس نے لوگوں میں منادی کی کہ اللہ اور اس کا رسول دونوں تم کو پالتو گدھوں کے گوشت سے روکتے ہیں کیونکہ وہ ناپاک ہیں۔ اس پر وہ ہنڈیاں انڈیل دی گئیں اور ابھی وہ گوشت سے ابل ہی رہی تھیں۔
صحیح بخاری 5529
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) کہتے تھے کہ میں نے حضرت جابر بن زیدؓ سے کہا کہ لوگ ایسا خیال کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے پالتو گدھوں سے منع فرما دیا تو انہوں نے کہا: حضرت حکم بن عمرو غفاریؓ بھی ہمارے ہاں بصرہ میں یہی کہا کرتے تھے۔ لیکن اس سمندر یعنی حضرت ابن عباسؓ نے انکار کیا اور یہ آیت پڑھی: تو ان سے کہہ کہ جو کچھ میری طرف نازل کیا گیا ہے میں تو اس میں اس شخص پر جو کسی چیز کو کھانا چاہے سوائے مردہ یا بہتے ہوئے خون یا سؤر کے گوشت کے کوئی چیز حرام نہیں پاتا۔