کتاب 33: باب الضَّبِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5536
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: گوہ، نہ تو میں اس کو کھاؤں گا اور نہ ہی اس کو حرام قرار دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 5537
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوامامہ بن سہل سے، ابوامامہ نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت عبداللہؓ نے حضرت خالد بن ولیدؓ سے روایت کی کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ حضرت میمونہؓ کے گھر میں گئے اور آپؐ کے سامنے ایک بھنی ہوئی گوہ لائی گئی۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنا ہاتھ اس کی طرف بڑھایا۔ عورتوں میں سے کسی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کو بتاؤ جس چیز کو آپؐ کھانے لگے ہیں، انہوں نے کہا: یہ گوہ ہے یا رسول اللہ! (یہ سنتے ہی) آپؐ نے اپنا ہاتھ اٹھا لیا۔ میں نے پوچھا: کیا وہ حرام ہے یا رسول اللہ؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں مگر میری قوم کی سرزمین میں یہ نہیں ہوتی اس لئے میں اپنے آپ کو اس سے نفرت کرتے ہوئے پاتا ہوں۔ خالدؓ نے کہا: یہ سن کر میں نے اس کو اپنی طرف گھسیٹ لیا اور اس کو کھایا اور رسول اللہ ﷺ دیکھ رہے تھے۔