کتاب 34: باب إِذَا وَقَعَتِ الْفَأْرَةُ فِي السَّمْنِ الْجَامِدِ أَوِ الذَّائِبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 5538
(عبد اللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ زہری نے ہم سے بیان کیا۔ زہری نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ حضرت ابن عباسؓ نے حضرت میمونہؓ سے روایت کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ ایک چوہیا گھی میں گر پڑی اور مر گئی۔ نبی ﷺ سے اس کے متعلق پوچھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو اور جو اس کے آس پاس گھی ہے پھینک دو اور باقی گھی کھالو۔ سفیان سے کہا گیا کہ معمر نے اس حدیث کو زہری سے روایت کرتے ہوئے انہیں بتایا۔ زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ سفیان نے کہا: میں نے تو زہری کو یہی کہتے سنا ہے کہ عبیداللہ سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت میمونہؓ سے، حضرت میمونہؓ نے نبی ﷺ سے یہ روایت کی اور میں نے ان سے کئی بار سنا۔
صحیح بخاری 5539
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبد اللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے روایت کی اس جانور یعنی چوہیا وغیرہ کے متعلق جو تیل میں یا گھی میں مر جائے اور وہ (گھی) جامد ہو یا غیر جامد۔ زہری نے کہا: ہم تک یہ بات پہنچی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس چوہیا کے متعلق حکم دیا جو گھی میں مر گئی۔ آپؐ نے فرمایا: جو اس کے ارد گرد ہے، پھینک دیا جائے پھر (باقی) کھا لیا جائے۔ یہ حدیث بطریق عبید اللہ بن عبد اللہ منقول ہے۔
صحیح بخاری 5540
عبد العزیز بن عبد اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید اللہ بن عبد اللہ سے، عبید اللہ نے حضرت ابن عباس ؓ سے، حضرت ابن عباس نے حضرت میمونہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ سے اس چوہیا کے متعلق پوچھا گیا جو گھی میں گر گئی۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو اور جو اس کے ارد گرد ہے، پھینک دو اور اس (گھی) کو کھاؤ۔